Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی سے سماجی کارکن لاپتا، ’بہت بولتے اور لکھتے ہیں‘

ارسلان خان کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ اعلیٰ حکام ان کے شوہر کی بازیابی کے لیے اقدامات کریں۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں لاپتا ہونے والے سماجی کارکن اور صحافی ارسلان خان کی اہلیہ عائشہ ارسلان کا کہنا ہے کہ 14 گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی ان کے شوہر کا کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے۔
جمعے کو ایس ایس پی ساوتھ نے کہا ہے کہ وہ ارسلان خان کے معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔
ارسلان خان کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ اعلیٰ حکام ان کے شوہر کی بازیابی کے لیے اقدامات کریں۔
انہوں نے جمعے کی صبح پیش آنے والے واقعہ کے بارے میں بتایا کہ ’چار بجے کے قریب کچھ افراد گھر میں داخل ہوئے اور انہوں نے ارسلان سے ان کا نام پوچھا اور سوشل میڈیا کے آئی ڈی کی تصدیق کی اور ارسلان کو اپنے ہمراہ لے گئے۔‘
ارسلان خان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر سوشل میڈیا پر مختلف تبصرے دیکھنے میں آ رہے ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی ان کی رہائی کے حوالے سے ٹرینڈ موجود ہے۔
وفاق میں حکومت کی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ’جبراً اُٹھائے گئے ارسلان صاحب کی اہلیہ کا ویڈیو پیغام سنا۔ اُنھیں یہ بتایا گیا یہ سوشل میڈیا پر بہت بولتے اور لکھتے ہیں۔‘
مصطفیٰ نواز کھوکھر کا مزید کہنا تھا ’بولنا اور لکھنا جرم نہیں، جرم کسی شہری کو زبردستی اغوا اور گمشدہ کرنا ہے۔‘

شیئر: