Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان نے مجھ سے رابطہ ’آف‘ کردیا ہے: رمیز راجا

رمیز راجہ نے کہا کہ ’وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کا وقت مانگا ہے تاکہ ہم انہیں اپنا کام دکھا سکیں‘ (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجا نے کہا ہے کہ ’سابق وزیراعظم عمران خان نے ان سے رابطہ آف کردیا ہے۔‘
جمعے کو لاہور میں نیوز کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے چیئرمین پی سی بی رمیز راجا سے سوال کیا کہ ’آپ عمران خان کو کافی پسند کرتے ہیں، کیا ابھی بھی ان سے آپ کا رابطہ ہے یا پاکستان کرکٹ کے حوالے سے کوئی مشورہ ہوتا ہے؟‘
جواب میں رمیز راجا بولے ’جیسے ہی وہ گئے، میرا رابطہ آف ہوگیا، انھوں نے آف کردیا۔‘
گذشتہ چند روز سے وزیراعظم شہباز شریف کی سابق چیئرمین پی سی بی خالد محمود سے ملاقات کے بعد رمیز راجا کو عہدے سے ہٹانے کی خبریں آرہی تھیں۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد خالد محمود نے کہا تھا کہ ’اگر انھیں پی سی بی چیئرمین بننے کی پیش کش ہوئی تو وہ اسے مسترد نہیں کریں گے۔‘
اس حوالے سے رمیز راجا نے کہا کہ ’وزیراعظم شہباز شریف پی سی بی کے سرپرست اعلٰی ہیں۔ ہم نے ان سے ملاقات کا وقت مانگا ہے تاکہ ہم انہیں اپنا کام دکھا سکیں۔ اگر مداح آپ کے ساتھ ہیں اور آپ کی پرفارمنس بولتی ہے تو ایسے فیصلے مشکل ہو جاتے ہیں، لیکن یہ وزیراعظم کی صوابدید ہے۔‘
رمیز راجا کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر صارفین دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔
بنت سلیم نامی نے ایک صارف سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ ’عمران خان نے رمیز راجا کو بلاک کردیا ہے۔ کیا یہ سچ ہے؟

ایک اور صارف نے ٹویٹ کی کہ ’رمیز راجا نے بھی عمران خان کو دھوکہ دے دیا۔‘

یوٹیوب پر ایک صارف نے کہا کہ ’جی اب آپ سے عمران خان کا مطلب ختم ہوگیا ہے۔‘
خرم اقبال نامی صارف کا کہنا تھا کہ 'رمیز بہت اچھا کام کر رہے ہیں، اچھی نیت ہے اس وجہ سے اچھے نتائج مل رہے ہیں، قابل بھروسہ آدمی ہیں۔‘
محمد حارث نے رمیز راجا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’بہترین چیئرمین ہیں، ان کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا، انھیں تبدیل مت کریں۔‘
خیال رہے کہ ستمبر 2021 میں سابق وزیراعظم عمران خان نے رمیز راجا کو احسان مانی کی جگہ چیئرمین پی سی بی تعینات کیا تھا۔

شیئر: