Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جولائی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ بڑھ سکتی ہے: وزیراعظم شہباز شریف

وزیر اعظم نے بین الاقوامی منڈی میں کوئلے کی بڑھتی ہوئی قیمت پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ (فوٹو: ریڈیو پاکستان)
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جولائی میں لوڈ شیڈنگ بڑھ سکتی ہے۔
پیر کو اسلام آباد میں مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کے ممبران اسمبلی سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا میں گیس اور تیل کی قیمتیں بہت بڑھ گئی ہے۔
’جولائی کے لیے ٹینڈر کیا تھا لیکن گیس کے جہاز نہیں ملے کیونکہ یورپ نے ساری گیس خرید لی تھی، اس لیے جولائی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ بڑھ سکتی ہے۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کا آئی ایم ایف سے معاہدہ بہت جلد ہونے والا ہے۔ ’آئی ایم ایف نے بہت کڑی شرائط رکھ دی ہے۔‘
’پاکستان کو پچھلی حکومت نے دیوالیہ پن کے دھانے پر پہنچا دیا تھا لیکن اب الحمدللہ ملک کو اس خطرے سے بچا لیا گیا ہے۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ خوردنی تیل کا بڑا بحران پیدا ہونے والا تھا جسے انڈونیشیا کے صدر سے رابطہ کرکے حل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئلے کی قیمتیں بھی بہت بڑھ گئی ہے۔
’اس لیے آج ہم نے اس حوالے سے بڑی تفصیلی میٹنگ کی ہے اور افغانستان سے کوئلہ درآمد کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی اس معاملے پر قائم کی گئی ہے۔
 قبل ازیں کوئلے کی نقل و حمل کا نظام بہتر بنانے کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس میں ایک اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔
پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے بین الاقوامی منڈی میں کوئلے کی بڑھتی ہوئی قیمت پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اسے ملک میں کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس سے مہنگی بجلی پیدا کرنے کا بنیادی سبب قرار دیا۔
وزیراعظم نے ملک کا قیمتی زرمبادلہ بچانے کے لیے افغانستان سے اعلی کوالٹی کا کوئلہ ڈالرز کی بجائے روپوں میں درآمد کرنے کی منظوری دی، اس سے نہ صرف سستی بجلی پیدا کرنے بلکہ ملک کا قیمتی زرمبادلہ بچانے میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر صرف ساہیوال اور حب پاور پلانٹس کے لئے درکار کوئلے کی افغانستان سے درآمد پر امپورٹ بل میں سالانہ 2.2 ارب ڈالر سے زیادہ کی بچت ہو گی۔وزیراعظم نے تمام متعلقہ اداروں کوہدایت کی کہ وہ اس مقصد کے لئے موثر نظام وضع کریں، تاکہ ملک میں سستی بجلی پیدا کر کے گھریلو صارفین اور صنعتوں کو ریلیف پہنچایا جاسکے۔
وزیراعظم نے وزارت ریلوے کو بھی ہدایت کی کہ وہ افغانستان سے درآمد شدہ کوئلے کی پاور پلانٹس تک جلد از جلد ترسیل کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں۔وزیراعظم نے درآمدی عمل کو تیز تر بنانے کے لئے وزیر دفاع خواجہ آصف کی سربراہی میں تمام متعلقہ حکام کی کمیٹی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

شیئر: