Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آئی ایم ایف سے ایک کے بجائے دو ارب ڈالر ملنے کی امید ہے‘

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں وسائل اور ہنرمند افراد کی کمی نہیں۔ فائل فوٹو: اے پی پی
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کو آئی ایم ایف سے ایک کے بجائے دو ارب ڈالر ملنے کی امید ہے۔
منگل کو اسلام آباد میں ٹرن اراؤنڈ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’مجھے آج صبح مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ اب آئی ایم ایف سے ایک کے بجائے دو ارب ڈالر ملیں گے۔‘
خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی حکومت کے 14 ماہ کے پلان کے بارے میں بھی بتایا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اس دوران زراعت سمیت دیگر شعبوں میں بہتری لانے کی کوشش کرے گی۔
وزیراعظم کے مطابق ’زراعت وہ شعبہ ہے جس کو چند ماہ میں بدل سکتے ہیں۔ اسی طرح امپورٹ میں متبادل تلاش کرنا بھی ہمارا ہدف ہے۔‘
وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’اگر ہم نے ملک کی ترقی کے لیے ذاتی پسند و ناپسند سے بالاتر ہو کر فیصلے نہ کیے تو ہمارا تاریخ میں ذکر تک نہ ہوگا۔‘
انہوں نے کہا کہ ہماری اتحادی حکومت ہے، جس میں فیصلے مشاورت سے ہوتے ہیں جو ایک جمہوری عمل ہے۔ان کے مطابق ’افغانستان سے کوئلے کی درآمد پاکستانی روپے میں ہوگی جس سے سالانہ دو ارب ڈالر کا زرمبادلہ بچایا جا سکے گا۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں وسائل اور ہنرمند افراد کی کمی نہیں۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ’خود انحصاری ہی قوموں کی آزادی کی ضمانت ہوتی ہے، اس لیے ہماری اصل منزل خود انحصاری ہے۔‘
شہباز شریف نے حویلی بہادر شاہ منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس پر کام کیا جاتا تو اس نے دو سال قبل مکمل ہو جانا تھا جس سے 1200 میگاوٹ بجلی ملتی مگر ایسا نہیں ہوا اور ملک و قوم کا نقصان ہوا۔
اسی طرح وزیراعظم نے ریکوڈک کا حوالہ دیتے ہوئے کہ ’وہاں اربوں ڈالر کا خزانہ دفن ہے، مگر ہم نے وہاں سے ایک دھیلہ نہیں کمایا بلکہ مقدمات میں قوم کے اربوں روپے ضائع ہو گئے۔‘
انہوں نے توانائی کے بحران کو عالمی سطح پر تیل و گیس کی قیمتیں بڑھنے کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’ہماری حکومت نے ایل این جی کے معاہدے کیے، جس پر تنقید ہوئی مگر پی ٹی آئی حکومت نے ایل این جی خریدنے کے لیے کوئی معاہدہ نہیں کیا۔‘

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پاکستان دیوالیہ ہونے کے خطرے سے نکل چکا ہے (فوٹو: پی ایم ایل این)

شہباز شریف نے یاد دلایا کہ کچھ عرصہ پیشتر ایل این جی کی قیمت چار ڈالر تھی تاہم کسی نے اس کی خریداری کے لیے سوچا تک نہیں۔
ان کے مطابق ’فزیبلٹی رپورٹس اور پیسے ہونے کے باوجود پچھلے دور حکومت میں گوادر میں منصوبے شروع نہیں کیے گئے۔‘

’پاکستان دیوالیہ ہونے کے خطرے سے نکل گیا ہے‘

قبل ازیں وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ پاکستان دیوالیہ ہونے کے خطرے سے نکل چکا ہے۔
ان کے مطابق ’ملک خسارے کا متحمل نہیں ہو سکتا تھا، اس لیے مشکل فیصلے کرنا پڑے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ آج صبح ہی آئی ایم ایف کی جانب سے ایم ای ایف پی ملا ہے جس کے تحت ساتویں اور آٹھویں قسط کو یکجا کر دیا گیا ہے۔

شیئر: