Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جمہوریت ڈنڈے سے نہیں اخلاقی قوت سے چلتی ہے: عمران خان

عمران خان نے کہا کہ ’ہم نے آئی ایم ایف کا دباؤ برداشت کیا لیکن ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتیں نہیں بڑھائیں۔‘ (فائل فوٹو: عمران خان/فیسبک پیج)
پاکستان کے سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ ’جمہوریت ڈنڈے سے نہیں اخلاقی قوت سے چلتی ہے۔‘
منگل کو اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ بنی گالہ سے ویڈیو لنک پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے دو جولائی کو اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں احتجاج کے اعلان کو دہرایا اور کہا کہ ’ایک پرامن احتجاج ہم سب کا حق ہے۔‘
’ ہم نکلیں، پرامن احتجاج کریں اور بتائیں کہ ہم زندہ قوم ہیں۔ ہم ظلم پر خاموش نہیں رہ سکتے۔‘
انہوں نے کہا ’ہم نے جب 25 مئی کو احتجاج کیا تو انہوں(حکومت) نے لوگوں پر ظلم کیا۔ ایسا شاید مارشل لا میں ہوتا ہو لیکن کسی جمہوریت میں ایسا نہیں ہوتا۔‘
عمران خان نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ اتنی بڑی سازش کر کے آگئے تو اب کہتے ہیں یہ سب کچھ عمران خان کی وجہ سے ہوا۔ اگر میری وجہ سے ہوا تو آپ مجھے حکومت میں رہنے دیتے۔‘
’ہم نے آئی ایم ایف کا دباؤ برداشت کیا لیکن ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتیں نہیں بڑھائیں۔ انہوں نے جتنی مہنگائی کی ہے اتنی تو ہم نے پورے تین سال میں نہیں کی۔‘
’حکومت سے قیمتیں کنٹرول ہو رہی ہے اور نہ ہی معیشت سنبھالی جا رہی ہے۔‘
انہوں نے خبردار کیا کہ ’جولائی میں مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گا۔ یہ باہر سے کوئلہ اور ایل این جی نہیں خرید پائیں گے۔ عالمی سطح پر قیمتیں بڑھ گئی ہیں اور ان(حکومت) کے پاس وسائل نہیں ہیں۔‘
سابق وزیراعظم نے مزید کہا ’میں نے شوکت ترین سے کہا  تھا کہ نیوٹرلز کو سمجھاؤ کہ ٹھیک ہے آپ نیوٹرل بنیں لیکن اس کے بعد بڑا سیاسی بحران آئے گا۔ ان سے ملک نہیں سنبھالا جائے گا۔‘
’ہماری معیشت کو درست کرنے کا صرف ایک راستہ ہے کہ زرداری اور نواز شریف کی جو دولت باہر پڑی ہوئی ہے ، اس کا آدھا حصہ ملک میں لے آئیں۔ عوام کے پاس صرف ایک راستہ صاف اور شفاف الیکشن ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’پنجاب پر حمزہ شہباز ایک ناجائز حکومت بنا کر بیٹھا ہے۔ اب پنجاب کے ضمنی انتخابات میں دھاندلی کو کوششیں ہو رہی ہیں۔‘
’جن پولیس والوں نے ظلم کیا، ان کی شکلیں ہمیں یاد ہیں۔ جن پولیس والوں نے ان غیرقانونی اقدامات میں حصہ لیا ان کے لیے مشکل ہو گی۔‘

شیئر: