Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان سياست دان نہيں ہیں، انہيں گرفتار کرنا چاہیے: رانا ثنا اللہ

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ’اگر 25 مئی کا پروگرام کامیاب ہوجاتا تو ملک میں قتل وغارت گری ہوتی‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزير داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ’عمران خان سياست دان نہيں ہیں اور وہ ملک ميں فساد چاہتے ہيں، انہيں گرفتار کرنا چاہیے اور قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے۔‘
نجی نیوز چینل سما کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان پر ان کے نظریے کی بنياد پر بغاوت کا مقدمہ چلنا چاہیے۔ عمران کے خلاف بغاوت کا مقدمہ کابینہ کی اجازت کے بغیر نہیں ہوسکتا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’عمران خان لانگ مارچ کرنا چاہیں تو اب اسلام آباد میں داخل نہیں ہوسکتے۔ وہ مجھے اٹک پار کرکے دکھائیں۔ رانا ثناء اللہ نے لانگ مارچ کی تياريوں کو بھی غيرقانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہيں انہيں پکڑ لينا چاہیے۔‘
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ’اس سوچ پر عمران خان کو گرفتار ہونا چاہیے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے۔‘
عمران خان کی جان کو خطرے سے متعلق سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ ’ایسی کوئی اطلاع نہیں۔ بابر اعوان نے کہا تھا کہ بنی گالہ ميں کچھ مشکوک افراد کو گھومتے ديکھا گیا۔ جب ان چيزوں کو چيک کيا گیا تو کچھ بھی نہيں ملا۔ اب فیاض چوہان کا کہنا ہے کہ ’افغانستان سے کوئی مارنے آرہا ہے، پی ٹی آئی دھمکیوں کی تفصیلات آئی جی اسلام آباد یا چیف جسٹس کو دے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ نہیں کہا جاسکتا کہ کسی بھی لیڈر کو خطرہ نہیں۔ عمران خان کو وہی سکیورٹی ملی جو وزیراعظم ہوتے ہوئے حاصل تھی۔ بنی گالہ میں گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد پولیس موجود ہے، انہیں اب بھی مؤثر سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔‘
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ ’اگر 25 مئی کا پروگرام کامیاب ہوجاتا تو ملک میں قتل و غارت گری ہوتی، یہ قتل و غارت کروانا چاہتے تھے اور اسی پروگرام کے تحت عمران خان نے پورا مہینہ تیاری کی۔‘

شیئر: