Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ، برطانیہ اور یورپی ملکوں کے عازمین حج کے مسائل حل کر رہے ہیں: ترجمان

سعودی وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ برطانیہ، امریکہ اور یورپی ممالک کے عازمین حج کے لیے متبادل پروازوں، اضافی نشستوں اور فوری ویزوں کے اجرا کا انتظام کیا جا رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے بیان میں کہا کہ برطانیہ، امریکہ اور یورپی ممالک کے عازمین حج  کو درپیش مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ان اقدامات میں متعلقہ حکام کی جانب سے ’عازمین کے مملکت میں داخلے کے وقت ویزہ کے فوری اجرا‘ کی کوششیں بھی شامل ہیں۔
یہ بیان اُس وقت آیا جب معلوم ہوا کہ حج کے لیے نئے الیکٹرانک پورٹل کے ذریعے اپلائی کرنے والے افراد کو تکنیکی مسائل کا سامنا ہے اور متعدد مسائل میں محدود پروازوں میں نشستوں تک رسائی نہ ہونا بھی شامل ہے۔
اس بیان کی تصدیق وزارت کے ترجمان نے عرب نیوز کے ہفتہ وار سیاسی ٹاک شو ’فرینکلی سپیکنگ‘ کی میزبان کیٹی جانسن سے خصوصی گفتگو میں بھی کی۔
ترجمان اور حج و عمرہ کی وزارت کے ڈپٹی منسٹر ہشام اے سعید نے بتایا کہ بعض عازمین کو نئے آن لائن پورٹل ’مطوف‘ پر مسائل کا سامنا ہے جو ’قابل حل ہیں اور ان کو دیکھا جا رہا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’میں یہ یقین دہانی کرا رہا ہوں کہ جس کسی نے بھی اس پروگرام کا انتخاب کیا ہے جس میں ایئرٹکٹ بھی  شامل ہے، یہ اب حل ہو رہا ہے اور ان کو فضائی ٹکٹ سمیت سب کچھ حاصل ہوگا۔‘
ہشام اے سعید نے بتایا کہ عازمین کے پاس ابھی وقت ہے، حج سیزن ابھی شروع نہیں ہوا۔ ’ابھی ہمارے پاس ایک ہفتہ ہے۔ اور مطوف کمپنی نے بہت سے مسائل حل کر لیے ہیں اور سب کچھ اب بہترین طریقے سے ہو جائے گا۔‘
وزارت حج و عمرہ نے بیان میں کہا تھا کہ عازمین حج کو درپیش مسائل حل میں آسانیاں فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ اس سال حج کے لیے منتخب تمام افراد کو فریضہ حج کی ادائیگی یقینی بنائی جارہی ہے۔
وزارت حج کا کہنا تھا کہ عازمین کی خدمت پر مامور تمام ادارے چوبیس گھنٹے داخلی و خارجی عازمین کے امور پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور ان کی سعودی عرب آمد کو آسان اور یقینی  بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔ حج موسم کے دوران ان کا مسلسل خیال رکھا جائے گا۔ 

شیئر: