Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں بس گہری کھائی میں جا گری، بچوں سمیت 16 افراد ہلاک

پولیس کے مطابق ’انڈیا میں ہر سال سڑک حادثات میں ایک لاکھ 10 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوجاتے ہیں‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
شمالی انڈیا میں پیر کے روز ایک مسافر بس پہاڑی سڑک سے پھِسل کر گہری کھائی میں جا گری جس سے سکول کے بچوں سمیت 16 افراد ہلاک ہوگئے۔
ریاست ہماچل پردیش کے ضلع کولو کے ایک سینیئر منتظم آشوتوش گرگ نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ ’ریسکیو اہلکاروں نے شدید زخمیوں کو بس کے ملبے میں سے نکالا اور انہیں ہسپتال منتقل کیا۔‘
امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق ایک اور اہلکار پرشانت سرکیک سنگھ نے بتایا کہ ’بس میں تقریباً 20 مسافر سوار تھے۔‘
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ریسکیو اہلکار حادثے میں تباہ ہونے والی پیلے رنگ کی بس سے زخمی افراد کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ 
حکام کے مطابق بس کو پیش آنے والے حادثے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔
انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ انڈیا میں خراب ڈرائیونگ، ٹُوٹی سڑکوں اور پرانی گاڑیوں کی وجہ سے سڑکوں پر ہونے والے جان لیوا حادثات عام ہیں۔ 
پولیس کے مطابق ’انڈیا میں ہر سال سڑک حادثات میں ایک لاکھ 10 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوجاتے ہیں۔‘

شیئر: