Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لداخ میں انڈین فوج کی بس کو حادثہ، 7 فوجی ہلاک

دونوں ممالک کے درمیان جون 2020 میں جھڑپ کے بعد تعلقات کشیدگی کا شکار ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے سرحدی علاقے لداخ میں ایک سڑک حادثے میں سات فوجی ہلاک اور 19 زخمی ہوئے ہیں۔
جمعے کو یہ بس حادثہ متنازع سرحدی علاقے لداخ کے علاقے نبرا میں علی الصبح پیش آیا۔
ایک سینیئر پولیس افسر نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ انڈین فوجیوں کو لے جانے والی گاڑی سڑک سے پھسل کر دریائے شیوک میں 50 سے 60 فٹ گہرائی میں جا گری۔
’حادثے میں سات فوجی ہلاک اور 19 زخمی ہوئے ہیں۔‘
انڈیا اور چین کے درمیان جون 2020 میں ایک جھڑپ کے دوران کم از کم 20 انڈین اور چار چینی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔ اس جھڑپ کے بعد دونوں ممالک نے متنازع سرحدی علاقے میں ہزاروں اضافی فوجیوں کو تعینات کر دیا تھا۔
انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے ایک ٹویٹ میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا  ’وہ لداخ میں بس حادثے پر غمزدہ ہیں۔‘
’ہم نے اپنے بہادر فوجیوں کو کھو دیا ہے۔ میری ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ مجھے امید ہے کہ جو زخمی ہوئے ہیں وہ بہت جلد صحتیاب ہوں گے۔ متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔‘
1962 میں انڈیا اور چین کے درمیان جنگ کے بعد دونوں ممالک ایک طویل عرصے سے ایک دوسرے پر الزام عائد کر رہے ہیں کہ وہ اس متنازع علاقے پر قبضے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس علاقے کو لائن آف ایکچوئل کنٹرول کہا جاتا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان جون 2020 میں جھڑپ کے بعد تعلقات کشیدگی کا شکار ہیں۔
کشیدگی میں کمی کے لیے دونوں ممالک کے مذاکرات کے کئی ادوار بھی ناکام ہوئے۔

شیئر: