Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

100 یونٹس مفت بجلی فراہم کرنے کا اعلان، الیکشن کمیشن کا حمزہ شہباز کو نوٹس

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے ریلیف پیکج کا اعلان 4 جولائی 2022 کو کیا جبکہ الیکشن شیڈول 25 مئی کو جاری کیا گیا تھا۔ (فائل فوٹو: اے پی پی)
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کو نوٹس جاری کرکے 7 جولائی کو جواب طلب  کر لیا ہے۔
منگل کو الیکشن کمیشن نے اپنی پریس ریلیز میں کہا کہ ’الیکشن کمیشن نے مذکورہ نوٹس وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے ’روشن گھرانہ پروگرام‘ کے تحت صارفین کے لیے بجلی کی 100 یونٹس سبسڈی ریلیف پیکج کے حوالے سے دیا ہے۔‘
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب کے 20 حلقوں میں انتخابات کے شیڈول کا اعلان 25 مئی کو کیا تھا۔
’ضابطہ اخلاق کے مطابق کوئی سرکاری عہدیدار، منتخب نمائندہ یا حکومتی عہدیدار الیکشن شیڈول کے اعلان کے بعد ان حلقوں میں کسی ترقیاتی سکیم کا اعلان نہیں کرسکتا۔‘
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے ریلیف پیکج کا اعلان 4 جولائی 2022 کو کیا جبکہ الیکشن شیڈول 25 مئی کو جاری کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ چار جولائی کو صوبہ پنجاب کے وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے اعلان کیا تھا کہ پنجاب میں 100 یونٹس تک بجلی مفت کر دی گئی ہے جبکہ پورے صوبے میں لوگوں کو سولر پینل بھی مفت فراہم کیے جائیں گے۔
 پیر کو لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا مزید کہنا تھا کہ ’مفت بجلی کا فیصلہ اسی ماہ سے نافذالعمل ہو گا اور اگست میں آنے بلوں میں 100 یونٹ مفت ہوں گے۔‘
حمزہ شہباز نے یہ بھی بتایا کہ ایک منصوبہ بنایا گیا ہے جس کے تحت لوگوں کو سولر پینل دیے جائیں گے تاکہ آنے والے برسوں میں ان کی بجلی ہمیشہ کے لیے مفت ہو جائے۔

شیئر: