Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجاب میں 100 یونٹس تک بجلی مفت، ’سولر پینل بھی دیں گے‘

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وزیراعلٰی حمزہ شہباز نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب میں 100 یونٹس تک بجلی مفت کر دی گئی ہے جبکہ پورے صوبے میں لوگوں کو سولر پینل بھی مفت فراہم کیے جائیں گے۔
 پیر کو لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا مزید کہنا تھا کہ ’مفت بجلی کا فیصلہ اسی ماہ سے نافذالعمل ہو گا اور اگست میں آنے بلوں میں 100 یونٹ مفت ہوں گے۔‘
حمزہ شہباز نے یہ بھی بتایا کہ ایک منصوبہ بنایا گیا ہے جس کے تحت لوگوں کو سولر پینل دیے جائیں گے تاکہ آنے والے برسوں میں ان کی بجلی ہمیشہ کے لیے مفت ہو جائے۔
انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ جس طرح آتے ہی ادویات اور آٹے میں کمی کی تھی، اسی طرح اب بجلی میں بھی ریلیف دیا گیا ہے۔
حمزہ شہباز یہ وضاحت بھی کی کہ وہ یہ اقدامات سیاست کی غرض سے نہیں کر رہے بلکہ ان کا مقصد یہ ہے کہ غریبوں کو احساس ہو کہ کوئی ان کا احساس کرنے والا بھی موجود ہے۔
انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’میں ان کی طرح یہ نہیں کہوں گا کہ میں آلو ٹماٹر کی قیمتیں کم کرنے نہیں آیا۔‘
ان کے مطابق ’اگر لوگوں کے چولہے ٹھنڈے پڑے ہوں گے تو مجھے یہاں (عہدے) پر بیٹھنے کا کوئی حق نہیں۔‘

وزیراعلٰی حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں عوام کو سولر پینل بھی دیے جائیں گے (فوٹو: روئٹرز)

 
حمزہ شہباز نے عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے جن کو آہستہ آہستہ بوتل میں بند کر دیں گے۔
ان کے بقول ’صحیح پالیسیوں کا اجرا ہو گا، رائٹ مین فار دی رائٹ جاب ہو گا۔‘
حمزہ شہباز کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارے سامنے دو راستے تھے سیاست بچاتے یا ریاست، اور ہم نے ریاست کو بچانے کا فیصلہ کیا۔
’74 سال بعد بھی ملک دوراہے پر کھڑا ہے، ہمیں سسکتی معشیت کو دوبارہ زندہ کرنا ہے۔‘
وزیراعلٰی کا کہنا تھا کہ 2018 میں مسلم لیگ ن صفر لوڈشیڈنگ چھوڑ کر گئی تھی، مگر پچھلی حکومت پنجاب کے ساتھ کھیلتی رہی۔
ان کے مطابق’ ہم نے گندم پر 200 ارب کی سبسڈی دی اور دس کلو آٹے کے تھیلے پر 160 روپے کا ریلیف دیا۔‘
انہوں نے پچھلی حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’چور اور ڈاکو کے نعرے سن سن کر لوگوں کے کان پک گئے، مگر میں کسی کو چور ڈاکو کہہ کر نہیں پکاروں گا۔‘

شیئر: