Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بائیڈن کا ایران اور سعودی عرب کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کی عراقی پیشکش کا خیرمقدم

پریس کانفرنس کے دوران صدر بائیڈن نے کہا کہ وہ عراق کی جمہوریت کی حمایت کرنا چاہتے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی صدر جو بائیڈن نے سنیچر کو عراقی وزیراعظم مصطفیٰ  الکاظمی کی جانب سے سعودی عرب اور ایران کے درمیان مذاکرات کی بغداد میں میزبانی کی پیشکش کا خیر مقدم کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق جو بائیڈن نے یہ بات عراقی وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی کے ساتھ جدہ میں ملاقات کے بعد ہونے والی پریس کانفرنس میں کی۔
خیال رہے حالیہ سالوں میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے خلاف ایران سے درپیش خطرات نے خطے میں کشیدگی بڑھا دی ہے۔
گزشتہ سال عراقی وزیراعظم ایک قاتلانہ حملے میں بچ گئے تھے جس کا الزام بعض ایران کی حمایت یافتہ گروہوں پر لگایا تھا۔
پریس کانفرنس کے دوران صدر بائیڈن نے کہا کہ وہ عراق کی جمہوریت کی حمایت کرنا چاہتے ہیں۔
’میں چاہتا ہوں کہ آپ اور پریس یہ بات جان لیں کہ ہم مددگار بننا چاہتے ہیں۔‘
عراقی وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی نے عراق اور امریکہ کے درمیان ’سٹریٹیجک اور دوستانہ‘ تعلقات کے بارے میں گفتگو کی۔
تقریبا ڈھائی ہزار امریکی فوجی شدت پسند گروپ داعش کے خلاف جنگ میں مقامی سکیورٹی فورسسز کی مدد کے لیے اب بھی عراق میں موجود ہیں۔
صدر بائیڈ اور عراقی وزیراعظم کے درمیان ملاقات سعودی شہر جدہ میں خلیج تعاون کونسل کے سربراہوں کی کانفرس سے پہلے ہوئی۔
امریکی صدر اور خلیجی ممالک کے سربراہان کانفرنس میں خطے کی سکیورٹی اور ایران کے ساتھ کشیدگی پر گفتگو کریں گے۔ وہ خطے کے ممالک اور امریکہ کے درمیان تعاون بڑھانے اور تعلقات بہتر کرنے پر بھی بات چیت کریں گے۔
صدر  بائیڈن کی مصر کے صدر عبدلفتاح السیسی کے ساتھ بھی جدہ میں ملاقات کی۔ یہ صدر بائیڈن کی جانب سے عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد اپنے مصری ہم منصب کے ساتھ پہلی ملاقات ہے۔
صدر بائیڈن نے گزشتہ سال اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی میں مصر کے کردار پر صدر السیسی کا شکریہ ادا کیا۔
جو بائیڈن نے صدر السیسی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے ساتھ تمام ایشو پر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔

 

شیئر: