Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سندھ بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ اور ضمنی الیکشن ملتوی، پی ٹی آئی کا احتجاج

این اے 245 کراچی کے حلقے میں ضمنی انتخاب 27 جولائی کو شیڈول تھا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
 الیکشن کمیشن نے اتوار کو ہونے والے سندھ کے بلدیاتی انتخابات اور کراچی سے قومی اسملبی کے حلقہ این اے 245 میں ضمنی الیکشن ممکنہ بارشوں اور خراب موسم کے باعث ملتوی کر دیا ہے۔  
تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
 الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق سندھ بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ اب 28 اگست 2022 کو منعقد ہوگا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ محرم الحرام اور موسم کی صورت حال کے باعث این اے 245 کراچی کا الیکشن بھی ملتوی کر دیا گیا جو اب 21 اگست 2022 کو ہوگا۔
ترجمان کے مطابق فیصلہ صوبائی الیکشن کمشنر، چیف سیکریٹری سندھ کی رپورٹ، عوام کی درخواستوں اور محکمہ موسمیات کی رپورٹ پر کیا گیا ہے۔ 
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے 22 جولائی کو صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکمران جماعت انتخابات سے راہ فرار اختیار کرنا چاہتی ہے۔ الیکشن کمیشن کو اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنا ہوگی۔
ادھر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو اپنی ہار نظر آ رہی ہے۔ ’ہم الیکشن کمیشن کے فیصلے کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ سندھ میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات مقررہ وقت پر کروائے جائیں۔‘
خیال رہے سندھ کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کراچی اور حیدرآباد ڈویژن کے 16 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات 24 جولائی بروز اتوار کو ہونا تھے۔
قبل ازیں سندھ میں پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات 14 اضلاع میں ہوئے تھے، ان اضلاع میں گھوٹکی، سکھر، خیرپور، جیکب آباد، کشمور، قمبرشہدادکوٹ، لاڑکانہ، شکارپور، نوشہروفیروز، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، میرپورخاص،عمرکوٹ اور تھرپارکرشامل تھے۔ 
این اے 245 کراچی کے حلقے میں ضمنی انتخاب 27 جولائی کو شیڈول تھا۔ تاہم اب یہ انتخاب 21 اگست کو ہوگا۔
یہ نشست پی ٹی آئی کے رہنما اور معروف اینکر ڈاکٹر عامر لیاقت کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

شیئر: