Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پرویز الٰہی ہی وزیراعلٰی پنجاب کے امیدوار ہیں: شجاعت حسین

چودھری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ ’جن کو مینڈیٹ ملا حکومت کرنا اس کا حق ہے‘ (فوٹو: اے ایف پی)
مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین نے پنجاب کی وزارت اعلٰی کے  لیے چوہدری پرویز الٰہی کی باضابطہ حمایت کا اعلان کر کے تمام قیاس آرائیوں کو ختم کر دیا ہے۔
 پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری سے ملاقات کے بعد یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ شاید ق لیگ کے صدر حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان کر دیں۔
بدھ کو اپنے ایک بیان میں پاکستان مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ ’جن کو مینڈیٹ ملا حکومت کرنا اس کا حق ہے۔‘
ان کا اشارہ ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کی فتح کی طرف تھا جس کے بعد پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار اور چوہدری شجاعت کے کزن پرویز الٰہی کو حکومت بنانے کے لیے پنجاب اسمبلی میں سادہ اکثریت حاصل ہو گئی ہے۔
منگل کی شام حکومتی اتحادی جماعتوں کے اجلاس کے بعد آصف علی زرداری نے چوہدری شجاعت کے ساتھ ملاقات کی تھی اور مقامی میڈیا کے مطابق انہوں نے پنجاب کی وزارت اعلٰی کے انتخاب میں مسلم لیگ ق کی حمایت مانگی تھی ۔
آصف زرداری ملاقات کرکے جب باہر نکلے تھے تو کیمروں کی طرف دیکھ کر وکٹری کا نشان بھی بنایا تھا۔
چودھری شجاعت حسین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’چودھری پرویز الٰہی ہی وزارت اعلٰی کے لیے پارٹی کے امیدوار ہیں۔ ایک بار نہیں دو تین بار پہلے بھی یہی بات کہہ چکا ہوں۔‘
انہوں نے میڈیا میں چلنے والی ان افواہوں کی تردید کی کہ وہ بطور پارٹی صدر اپنے ارکان کو حمزہ شہباز کی حمایت کے لیے کوئی لیٹر جاری کر رہے ہیں۔
چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ ’کسی قسم کے لیٹرز جاری کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ مجھے صفائی پیش کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ملکی مسائل کا حل اسی میں ہے کہ گنتی کے چکروں سے باہر نکلا جائے اور غریب آدمی کے مسائل کی طرف توجہ دی جائے۔
چودھری شجاعت حسین کے مطابق ’جو غریبوں کے مسائل حل کرنے میں کامیاب ہو گا حقیقی معنوں میں اسی کی گنتی پوری ہو جائے گی۔ جو منتخب ہوئے ہیں وہ عوام کی خدمت کریں۔ اس فکر میں نہ پڑیں کہ ایک دوسرے کو کیسے نیچےدکھانا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ملکی مسائل کا حل اسی میں ہے کہ سال ڈیڑھ سال حکومت کو موقع دیا جائے یا فوری انتخابات کی طرف جایا جائے۔فوری انتخاب سے مراد فوری ہیں مہینوں میں نہیں۔‘

شیئر: