Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کر دی 

تحریک انصاف نے پی پی پی 7 راولپنڈی کے انتخابی نتائج کو چیلنج کیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے راولپنڈی کے حلقے میں ضمنی انتخابات میں دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ تحریک انصاف کے امیدوار کی جانب سے 21 پولنگ سٹیشنز میں دوبارہ گنتی کی استدعا کی گئی تھی۔  
الیکشن کمیشن نے جمعرات کو وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا جو بعد ازاں سنا دیا گیا ہے۔  
تحریک انصاف نے پی پی پی 7 راولپنڈی کے انتخابی نتائج کو چیلنج کرتے ہوئے ریٹرنگ آفیسر کو دوبارہ گنتی کی درخواست کی تھی جو مسترد کر دی گئی تھی۔
بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے پی ٹی آئی امیدوار کو الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا حکم دیا تھا۔ 
پی پی پی 7 راولپنڈی میں مسلم لیگ ن کے امیدوار کو تحریک انصاف کے امیدوار پر محض 49 ووٹوں کی برتری حاصل ہے۔  
دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں کامیاب ہونے والے 19 امیدواروں کے نوٹیفیکیشن جاری کر دیے ہیں جبکہ پی پی پی 7 راولپنڈی کے کامیاب امیدوار کے نوٹیفیکیشن کا معاملہ زیر سماعت ہونے کے باعث جاری نہیں کیا گیا تھا۔  
الیکشن کمیشن نے لاہور کے حلقے پی پی پی 167 میں تحریک انصاف کے امیدوار شبیر احمد کا مشروط نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے۔
خیال رہے کہ پی پی پی 167 لاہور میں انتخابی مہم کے دوران تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے کارکنان کے درمیان تصادم ہوا تھا جس کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی رپورٹ طلب کی تھی۔  
الیکشن کمیشن میں کیس تاحال زیر سماعت ہے۔

شیئر: