Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پرویز الٰہی ن لیگ نہیں تحریک انصاف کے وزیراعلٰی بنیں گے‘

مونس الٰہی نے کہا کہ میں سمجھ رہا تھا کہ چودھری شجاعت خط نہیں لکھیں گے لیکن میں غلط ثابت ہوا (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان مسلم لیگ ق کے رکن قومی اسمبلی اور وزیراعلٰی پنجاب کے امیدوار پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الٰہی نے کہا ہے کہ ’پرویز الٰہی نے وزیراعلٰی بننا ہے تو صرف عمران خان کا بننا ہے۔‘  
جمعے کو مقامی میڈیا کے مطابق مونس الٰہی نے کہا ہے کہ ’پرویز الٰہی مسلم لیگ ن یا ان کے اتحادیوں کے وزیراعلیٰ نہیں بنیں گے۔ ہم ابھی بھی عمران خان کے ساتھ ہیں۔‘
مونس الٰہی نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے یہ نہیں کہا کہ عمران خان ہار گئے ہیں۔ میں نے یہ ضرور کہا ہے کہ ہم غلط ثابت ہوگئے ہیں۔ میں یہ سمجھ رہا تھا کہ چودھری شجاعت خط نہیں لکھیں گے لیکن میں غلط ثابت ہوگیا ہوں۔ میں اور عمران خان شکست تسلیم نہیں کریں گے۔‘ 
جمعے کو اپنی ایک ٹویٹ میں پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الٰہی نے لکھا کہ ’گذشتہ روز مسلم لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پارلیمانی پارٹی کے سربراہ ساجد بھٹی کی زیر صدارت ہوا جس میں اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ پرویز الٰہی ہی وزیر اعلٰی پنجاب کے لیے ہمارے امیدوار ہیں۔‘
مقامی میڈیا کے مطابق چودھری مونس الٰہی نے کہا کہ ’پارٹی صدر چودھری شجاعت حسین نے عمران خان کے امیدوار کی حمایت کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ آصف علی زرداری نے چودھری شجاعت حسین سے کہا ہے کہ پرویز الٰہی ہمارے اور مسلم لیگ ن کے مشترکہ امیدوار ہوں گے اور انہیں وزیراعلٰی بنا دیا جائے گا۔‘

شیئر: