Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فواد چودھری کیا میری کسی کے ساتھ کُشتی کروانا چاہتے ہیں؟ چودھری شجاعت

فواد چودھری نے کہا تھا کہ ’چودھری شجاعت بیمار ہیں اور ان کی فیصلہ کرنے کی صلاحیت محدود ہے‘ (فائل فوٹو: اے پی پی)
مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ’میں نے اپنی صحت سے متعلق فواد چودھری کے بیان کے بعد انہیں فون کر کے پوچھا کہ کیا وہ میری کسی کے ساتھ کشتی کروانا چاہتے ہیں؟‘
ان کا کہنا تھا کہ ’میرے سوال کے جواب میں فواد چودھری ہنس پڑے۔
یاد رہے کہ تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے سنیچر کو لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین کو بیمار کہا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ ’چودھری شجاعت حسین کہتے ہیں کہ ہمیں عمران خان کا امیدوار نہیں چاہیے، وہ بیمار ہیں اور ان کی فیصلہ کرنے کی صلاحیت محدود ہے۔‘
’چودھری شجاعت سے کاغذ پر انگوٹھا لگوایا گیا، ہمارا کوئی پلان بی نہیں ہے لیکن اس نظام کے خلاف عوام میں غصہ اور مایوسی ہے۔‘
فواد چودھری نے یہ بھی کہا تھا کہ ’چودھری شجاعت کہتے ہیں کہ ہمیں عمران خان کا مینڈیٹ نہیں چاہیے، تو پھر اگر تھوڑی سی بھی اخلاقی جرات ہے تو سالک حسین اور طارق بشیر چیمہ اپنی نشستوں سے استعفی دے دیں۔‘
’اگر دونوں اپنی سیٹوں سے استعفیٰ دے دیں تو دوبارہ کونسلر بھی منتخب نہیں ہو سکتے، یہ تو پی ٹی آئی سے اتحاد کی وجہ سے جیتے تھے۔‘
یاد رہے کہ جمعے کو پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری نے مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت کے خط کو بنیاد بنا کر ان کی پارٹی کے 10 ارکان اسمبلی کے ووٹ مسترد کردیے تھے۔
پنجاب اسمبلی کے ان ارکان نے وزارت اعلٰی کے انتخاب میں چودھری پرویز الٰہی کو ووٹ دیا تھا جبکہ چودھری شجاعت حسین نے اپنے خط میں حمزہ شہباز کو ووٹ ڈالنے کی تاکید کی تھی۔

شیئر: