Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت کے مغربی علاقے بارش کی زد میں رہیں گے

مکہ ، جدہ اورطائف میں بھی بارش کا امکان ہے(فوٹو، ایس پی اے)
 موسمیات کے قومی مرکز نے توقع ظاہر کی ہے کہ سعودی عرب کے 5 علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ مغربی ریجن میں مکہ  مکرمہ، طائف اور جدہ میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔ 
عکاظ اخبار کے مطابق قومی مرکز نے توجہ دلائی کہ درمیانے درجے سے لے کر موسلا دھار تک بارش کے آثار ہیں۔ سیلابی صورتحال کا بھی امکان ہے۔ نجران، ،جازان، عسیر، باحہ اور مکہ مکرمہ کے بالائی مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ اس سے قبل تیز ہوائیں چلیں گی۔ مکہ ریجن کے ساحلی مقامات بھی بارش کی زد میں ہیں۔ جدہ، اللیث اور القنفذہ میں بھی بارش کے آثار ہیں۔ 
ریاض اور مشرقی ریجن کے جنوبی مقامات میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ قومی مرکز کا کہناہے کہ  بحراحمر میں ہواؤں کا رخ جنوب مغرب سے شمال مغرب کی جانب ہوگا۔ فی گھنٹہ رفتار 25 کلو میٹر تک ہوگی۔ 
عاجل ویب سائٹ کے مطابق بدھ کو طائف کے الشفا مقام پر کہیں موسلا دھار اور کہیں درمیانے درجے کی بارش ہوئی۔ اس سے قبل گرد آلود ہوائیں چل رہی تھیں جس سے حد نظر محدود ہوگئی تھی۔ 
عسیر ریجن میں رجال المع کمشنری سے بھی بارش کی اطلاعات ملی ہیں۔ درمیانے درجے سے لے کر موسلا دھار تک بارش کی خبریں ہیں۔ مقامی شہریوں نے رجال المع میں موسلا دھار بارش کے مناظر پر مشتمل وڈیو کلپ شیئر کیے ہیں جو سوشل میڈیا پر پسند کیے جارہے ہیں۔ 
قومی مرکز نے بدھ کو مملکت کے گرم ترین شہروں کے حوالے  سے رپورٹ دیتے ہوئے کہا کہ سب سے زیادہ درجہ حرارت  46 سینٹی گریڈ رفحا شہر اس کے بعد  45 سینٹی گریڈ حفرالباطن اور  44 سینٹی گریڈ القصیم میں ریکارڈ کیا گیا۔ 
موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ سنیچر تک مملکت کے بیشتر علاقوں میں موسم غیرمستحکم رہے گا۔ 

شیئر: