Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کامن ویلتھ گیمز، پاکستان کی پہلی خاتون ہاکی امپائر کون؟

بینش حیات 2006 میں ایشیئن گیمز کوالیفائیرز میں پاکستان سکواڈ کا حصہ رہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)
پاکستان کی پہلی خاتون ہاکی امپائر بینش حیات کو برمنگھم میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز کے امپائر پینل میں شامل کر لیا گیا ہے۔ بینش حیات پاکستان کی پہلی خاتون ہاکی امپائر ہیں جنہیں یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔  
بینش حیات کا تعلق پاکستان کے شہر لاہور سے ہے۔ انہوں نے 2002 میں گورنمنٹ کالج فار ویمن سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا۔ بینش حیات نے 2004 سے 2011 تک پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کی۔ 
انہوں نے پاکستان کی جانب سے 10 میچز میں حصہ لیا اور وہ 2006 میں ایشیئن گیمز کوالیفائیرز میں پاکستان سکواڈ کا حصہ رہیں جس میں پاکستان نے چوتھی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے ایونٹ کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ 
بینش حیات نے 2012 میں ویمن ایشیا کپ سے اپنے امپائرنگ کیرئیر کا آغاز کیا۔ 2012 سے اب تک وہ 49 میچوں میں امپائرنگ کے فرائض سر انجام دے چکی ہیں اور فیڈریشن آف انٹرنیشنل ہاکی (ایف آئی ایچ) نے انہیں ’پرامسنگ امپائر‘ قرار دیا ہے۔  
کامن ویلتھ گیمز کی افتتاحی تقریب جمعے کو انگلینڈ کے الیگزینڈر سٹیڈیم میں منعقد ہونے جا رہی ہے۔

بینش حیات نے 2004 سے 2011 تک پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کی (فوٹو: سوشل میڈیا)

پاکستانی کھلاڑیوں کے دستے میں تیراکی، ایتھلیٹکس، پیرا ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باکسنگ، خواتین ٹی ٹوئنٹی کرکٹ، جمناسٹک، ہاکی، جوڈو، اسکواش، ٹیبل ٹینس، ویٹ لفٹنگ اور ریسلنگ میں حصہ لینے کے لیے تیار ہے۔ 
ملک کے پریمیئر ریسلر اور دو بار کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے محمد انعام اور قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف افتتاحی تقریب میں پرچم کشائی کے فرائض انجام دیں گی۔ 
کامن ویلتھ گیمز کی افتتاحی تقریب میں مارچ پاسٹ کے دوران 103 حصہ لینے والے ارکان کا دستہ جمع ہوگا۔ 
پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کامن ویلتھ گیمز میں اپنے سفر کا آغاز 29 جولائی کو بارباڈوس کے خلاف میچ سے کرے گی جبکہ 31 جولائی کو روایتی حریف انڈیا سے مقابلہ کرے گی۔ 

شیئر: