Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کور کمانڈر کوئٹہ کا ہیلی کاپٹر بلوچستان میں لاپتہ، سرچ آپریشن جاری

لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اس سے پہلے بلوچستان میں ہی آئی جی ایف سی ساؤتھ تعینات تھے۔(فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں فلڈ ریلیف آپریشن میں مصروف پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر لاپتہ ہوگیا ہے۔
پیر کی شب آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ پیلی کاپٹر میں کور کمانڈر 12 کور سمیت چھ افراد سوار تھے جو کہ سیلاب زدگان کی امداد کی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے تھے۔
ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے کوئٹہ میں اردو نیوز کے نامہ نگار زین الدیں احمد کو ٹیلیفون پر بتایا کہ ہیلی کاپٹر پیر کی شام پانچ بج کر دس منٹ پر لسبیلہ کے علاقے اوتھل سے اڑا تھا مگر چھ گھنٹے گزرنے کے باوجود ہیلی کاپٹر اپنی منزل پر نہیں پہنچا۔
پاکستان ایئر فورس کے مطابق اوتھل سے اڑنے والے ہیلی کاپٹر نے چھ بجے پی اے ایف بیس فیصل لینڈ کرنا تھا تاہم کئی گھنٹے بعد بھی مقررہ جگہ پر نہیں پہنچا۔
 

A Pakistan army aviation helicopter which was on flood relief operations in Lasbela, Balochistan lost contact with ATC. 6 individuals were on board including Commander 12 Corps who was supervising flood relief operations in Balochistan. Search operation is underway.DTF

ہیلی کاپٹر میں کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز بریگیڈیئر امجد، سی سی انجنیئرز 12 کور بریگیڈیئر خالد، پائلٹ میجر سعید، کو پائلٹ میجر طلحہ اور کریو چیف نائیک مدثر سوار تھے۔
کراچی کے ملیر کینٹ سے امدادی ٹیم تلاش اور امدادی کارروائیوں کے لیے بھیجی جا رہی ہے۔
لسبیلہ اور اس سے متصل کراچی کے علاقوں میں پاک فوج، رینجر، ایف سی، کوسٹ گارڈز اور پولیس ہیلی کاپٹر کی تلاش کے لئے جاری آپریشن میں مصروف ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اس سے پہلے بلوچستان میں ہی آئی جی ایف سی ساؤتھ تعینات تھے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ہیلی کاپٹر کی گمشدگی پر تشویس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے ٹوئٹر پر لکھا ’بلوچستان سے آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کی گمشدگی تشویشناک ہے۔ پوری قوم اللہ تعالیٰ کے حضور سیلاب متاثرین کی مدد پر نکلنے والے وطن کے ان بیٹوں کی سلامتی، حفاظت اور بخیریت واپسی کے لئے دعا گو ہے۔ ان شاءاللہ۔‘
تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کے لاپتہ ہونے کی تشویشناک خبر آرہی ہے۔ ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد کے لیے دعا گو ہوں۔‘
دوسری جانب وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بھی آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کے اوتھل سے کراچی جاتے ہوۓ لاپتہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ 
ایک بیان میں وزیراعلی کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد اور عملے کی حفاظت فرمائے۔
وزیراعلی نے لعی انتظامیہ لسبیلہ اور پولیس کو ہیلی کاپٹر کی تلاش کے لیے تمام ذرائع اور وسائل برؤے کار لانے کی ہدایت کر دی۔ 
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور پولیس ریسکیو ٹیموں کو بھرپور معاونت فراہم کریں۔

شیئر: