Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈالر کی قدر میں ایک دن میں ریکارڈ کمی، 228 روپے پر پہنچ گیا

رواں ہفتے کے آغاز سے ہی روپے کی قدر ڈالر کے مقابلے میں بڑھ رہی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں ڈالر کی قدر کم ہونے لگی ہے اور انٹر بینک میں ڈالر 10 روپے کی کمی کے بعد 228.80 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالر کی سمگلنگ رُکنے اور عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے قرض کی قسط جلد ملنے کی تصدیق کے بعد مارکیٹ میں ڈالر کی مانگ کم ہوئی ہے، اور حکومت نے اگر روپے کی قدر میں بہتری کے لیے اقدامات جاری رکھے تو آنے والے دنوں میں ڈالر کی قیمت مزید نیچے آسکتی ہے۔
جنرل سیکرٹری ایکسچینچ کمپینیز آف پاکستان ظفر پراچہ نے اُردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز سے ڈالر کی قدر میں گراوٹ کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔
’آج دوران ٹریڈنگ ڈالر 226 روپے کی سطح سے بھی نیچے رپورٹ کیا گیا ہے۔‘
ظفر پراچہ نے بتایا کہ ڈالر کی قدر میں کمی کی بڑی وجہ عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے جاری کردہ بیان ہے۔
’اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک سے افغانستان ڈالر کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے بھی اقدامات کیے ہیں جس کی وجہ سے مارکیٹ میں ڈالر کی مانگ کم ہوئی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کے بہتری کے لیے حکومتی اخراجات میں کمی ضروری ہے۔
’امید ہے کہ رواں ماہ درآمدی بل میں کمی ہوگی کیونکہ اس وقت ملک میں فوری ضرورت کا تیل بھی موجود ہے اور عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات سمیت خوردنی اشیا کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی ہے۔‘
معاشی ماہر سمیع اللہ طارق کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قدر میں کمی کی بینادی وجہ عالمی مالیاتی ادارے سے رواں ماہ قسط ملنے کی خبریں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی قسط کے بعد دوست ممالک سے پیسے ملنے کی بھی امید ہے جس کے بعد صورتحال میں مزید بہتری آنے کی امید ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف سے قرض ملنے پر روپیہ مستحکم ہوگا۔ فوٹو: اے ایف پی

معاشی ماہر شاہد حسن صدیقی کا کہنا ہے کہ  ڈالر کی 240  روپے کی سطح نیچرل نہیں تھی۔ ’پاکستان میں موجودہ صورتحال میں ڈالر 200 روپے کے قریب رہنا چاہیے۔ آج مارکیٹ میں بڑی کمی رپورٹ کی گئی ہے۔ اگر صورتحال اس طرح رہی تو آنے والے دنوں میں روپے مزید مستحکم ہوتا نظر آرہا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے پیسے ملنے کے بعد دیگر دوست ممالک سے پیسے بھی آئیں گے اگر ایک اچھی اور مضبوط معاشی پالیسی رکھی گئی تو آنے والے دن پاکستان کے لیے اچھے ہوں گے۔
 

شیئر: