Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نوح دستگیر بٹ آپ سپر سٹار ہو‘، سوشل میڈیا پر کامن ویلتھ ہیرو کے چرچے

نوح دستگیر بٹ نے گزشتہ رات پاکستان کے لیے طلائی کا تمغہ جیتا تھا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ نے پاکستان کے لیے پہلا طلائی تمغہ جیت لیا۔
نوح دستگیر بٹ نے بدھ کو مجموعی طور پر 405 کلوگرام وزن اٹھایا جو کامن ویلتھ گیمز میں ایک نیا ریکارڈ ہے۔
ان کی جیت پر پاکستان میں سوشل میڈٰیا صارفین سرشار نظر آرہے ہیں اور انہیں ملک کے لیے تمغہ جیتنے پر مبارکباد دے رہے ہیں۔
اس کے علاوہ پاکستان کے شاہ حسین نے بھی جوڈو کے ایونٹ میں جنوبی افریقی حریف تھامس لیسلو بریٹن باخ کو ہرا کر کانسی کا تمغہ جیتا۔
اسامہ نامی صارف نے پاکستانی ایتھلیٹس کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’بغیر کسی انفراسٹرکچر، حکومتی سپورٹ اور اعلٰی سطحی کوچنگ کے دو میڈل جیتنا ایک بڑا اعزاز ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا ’نوح دستگیر بٹ آپ ایک سپر سٹار ہو۔‘

کھیلوں کی کوریج کرنے والے صحافی آصف خان نے معلومات دیتے ہوئے کہا کا کہنا تھا ’2018 کے کامن ویلتھ گیمز میں نوح دستگیر بٹ +105 کی کیٹگری میں کانسی کا تمغہ بھی جیت چکے ہیں۔‘

اسی کیٹگری میں انڈیا کے گردیپ سنگھ نے کانسی کا تمغہ جیتا اور نوح دستگیر بٹ کے ساتھ کھڑے نظر آئے۔
احسن چوہدی نامی صارف ان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ‘انڈیا اور پاکستان پوڈیم پر ساتھ، سیاست ہمیں تقسیم کرتی ہے اور کھیل ہمیں متحد رکھتا ہے۔‘

نوح دستگیر بٹ کی جیت نے پاکستان میں ایک دوسرے کے خلاف بیانات جاری کرنے والے سیاست دانوں تک کو متحد کردیا۔
ان کی جیت پر وزیراعظم شہباز شریف، ڈاکٹر شیریں مزاری اور علی محمد خان سمیت متعدد سیاست دانوں نے خوشی کا اظہار کیا۔

فرید خان نامی صارف نے لکھا ’مجھے امید ہے کہ نوح دستگیر بٹ، شاہ حسین شاہ اور جو بھی میڈیا جیتتا ہے اسے ایئرپورٹ پر ہیروز والا استقبال ملنا چاہیے۔‘

واضح رہے ویٹ لفٹنگ کے مقابلے میں دوسرے نمبر پر نیوزی لینڈ کے ڈیوڈ اینڈریو لٹی اور تیسرے نمبر پر انڈیا کے گرپریت سنگھ رہے تھے۔

شیئر: