Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کامن ویلتھ گیمز میں بری کارکردگی: کرکٹر جویریہ خان کا ناقدین کو سخت جواب

جویریہ خان نے ٹیم کی خراب کارکردگی کے ناقدین کو سخت جواب دیا ہے (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
برطانیہ کے دوسرے بڑے شہر برمنگھم میں جاری دولت مشترکہ کھیلوں (کامن ویلتھ گیمز) میں پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کی بری کاکردگی کے بعد ٹیم کو مسلسل تنقید کا سامنا ہے۔
کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم اپنے تینوں میچ ہار کر ایونٹ سے باہر ہو گئی ہے۔
ٹیم کی بری کارکردگی پر تنقید کا سلسلہ جاری دیکھ کر خاتون کرکٹر جویریہ خان نے موقف اپنایا کہ ’جو کرکٹ نہیں دیکھتے وہ خراب پرفارم کرنے پر تنقید کو حق سمجھتے ہیں۔‘
جمعرات کو فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جویریہ خان نے اپنی سٹوری میں پاکستانی ٹیم پر ہونے والے تبصروں کے بارے میں کہا کہ 'جو پاکستان کی خواتین ٹیم کی کرکٹ نہیں دیکھتے، وہ کھلاڑیوں کے خراب پرفارم کرنے پر تنقید کرنے کو اپنا حق سمجھتے ہیں۔‘
جویریہ خان نے مزید لکھا کہ ’ٹیم کی سیلیکشن پر سوال کرنا، شاٹس کے ٹھیک ہونے پر بات کرنا، کھیل کی تکنیک اور کارکردگی اور کھیل کے دوران حکمت عملی پر بات کرنا خوش آئند ہوتا ہے۔‘
’جائز تنقید ہمیشہ صحت مند ہوتی ہے،چاہے وہ خواتین کی کرکٹ کے بارے ہو یا مردوں کی کرکٹ کے بارے میں لیکن نامناسب تبصرے کرنا اور کھلاڑیوں کی نجی زندگی پر حملے کرنا اشتعال انگیز اور غیر مناسب ہے۔ کسی کے بارے میں رائے دینے اور اسے ناکام کہنے سے پہلے اس کے حالات کا جائزہ لینا چاہیے۔‘

پاکستانی کرکٹر کے مطابق ’ٹیمیں، کھلاڑی اور سسٹم راتوں رات نہیں بنتے، بلکہ یہ انقلابی عمل ہے جسے وقت درکار ہوہتا ہے، خواتین ٹیم کو آپ کے سہارے اور جائز تنقید کی ضرورت ہے۔‘
پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم دولت مشترکہ کھیلوں میں پہلا میچ بارباڈوس، دوسرا میچ انڈیا اور تیسرا میچ آسٹریلیا سے ہار کر ایونٹ سے باہر ہوگئی۔ اس سے پہلے خواتین کے کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم نے صرف ایک میچ جیتا تھا۔
 

شیئر: