Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوئٹہ میں دستی بم کے دھماکے سے ایک شخص ہلاک، 18 زخمی

پولیس کے مطابق قومی پرچم فروخت کرنے والے سٹالز کے قریب دستی بم پھینکا گیا (فائل فوٹو: پیکسلز)
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دکانی بابا چوک میں دھماکے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 18 زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق جمعرات کی رات قومی پرچم فروخت کرنے والے سٹالز کے قریب دستی بم پھینکا گیا۔
دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے 14 افراد کو سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر جبکہ تین زخمیوں کو بولان میڈیکل ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ایک شخص کی نعش سول ہسپتال کوئٹہ لائی گئی ہے، پولیس کے مطابق مرنے والی شخص کی شناخت سورج کے نام سے ہوئی ہے۔ 
دھماکے کے بعد پولیس، ایف سی اور دیگر فورسز کی بھاری نفری موقعے پر پہنچ گئی اور شہر کی سکیورٹی مزید سخت کردی گئی۔
وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے شہر میں سکیورٹی کے انتظامات کو مزید سخت اور موثر بنانے کی ہدایت کی ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ’سکیورٹی ادارے عاشورہ محرم اور یوم آزادی کی مناسبت سے مزید متحرک اور فعال رہیں۔ دہشت گرد عناصر کو امن وامان خراب کر نے کا کوئی موقع نہیں ملنا چاہیے۔‘

شیئر: