Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وائٹ ہاؤس کے قریب آسمانی بجلی گرنے سے چار افراد ’شدید زخمی‘

جمعرات کی شام کو واشنگٹن میں گرج چمک کے ساتھ شدید طوفانی بارشیں ہوئیں۔ (فوٹو: اے پی)
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے قریب بجلی گرنے سے چار افراد کی حالت کی تشویشناک ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جمعرات کو واشنگٹن کے فائر اینڈ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے ایک قریبی پارک میں آسمانی بجلی گرنے سے دو مرد اور دو خواتین شدید زخمی ہوئے ہیں۔
چاروں افراد کو مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر شیئر ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جائے وقوعہ پر متعدد ایمبولینسز اور ایک فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی موجود تھی۔
جمعرات کی شام کو واشنگٹن میں گرج چمک کے ساتھ شدید طوفانی بارشیں ہوئیں۔
واشنگٹن کے فائر اینڈ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان ویتو میگیئلو نے کہا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے سیکرٹ سروس کے افسران اور پارک پولیس نے ان کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ایمرجنسی سروس سے رابطہ کیا۔
’ان کو فوراً طبی امداد فراہم کی گئی اور قریبی ہسپتال پہنچایا گیا۔‘
انہوں نے کہا کہ یہ واضح نہیں کہ آیا یہ چاروں افراد ایک دوسرے کو جانتے تھے یا نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب آسمانی بجلی گری تو یہ چار افراد ایک درخت کے قریب کھڑے تھے۔
’جب بادل اور آسمانی بجلی گرج رہے ہوں تو بہتر یہی ہوتا ہے درختوں سے دور رہیں اور گھر کے اندر رہیں۔ اور یہ ہی اصول ہے۔‘

شیئر: