Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈالر کی قدر میں مزید کمی، سٹاک ایکسچینج میں مثبت آغاز کے بعد مندی

جمعرات کو دوران ٹریڈنگ ایک موقع پر ڈالر 218 روپے کی سطح پر بھی رپورٹ ہوا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کی کرنسی روپے کی قدر میں استحکام کا سلسلہ جمعرات کو بھی رپورٹ کیا جا رہا ہے، ڈالر کی قیمت انٹر بینک میں مزید دو روپے کی کمی سے 219 روپے پر آ گئی ہے۔ 
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قدر میں مسلسل کمی کی وجہ سے مارکیٹ میں ڈالر کی طلب و رسد کی صورت حال بہتر ہو گئی ہے، اس وقت مارکیٹ میں ڈالر کے خریدار کم اور فروخت کرنے والے زیادہ ہیں۔
فاریکس ڈیلرز کے مطابق کاروباری ہفتے کے چوتھے روز جمعرات کو ٹریڈنگ کے آغاز پر انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں کمی رپورٹ کی جا رہی ہے۔ پہلے سیشن میں ڈالر کی قدر میں 2 روپے 2 پیسے کی کمی رپورٹ کی جا رہی ہے۔ 
دوران ٹریڈنگ ایک موقع پر ڈالر 218 روپے کی سطح پر بھی رپورٹ ہوا۔
معاشی ماہر عبد العظیم کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں ڈالر کی قدر میں مزید کمی ممکن ہے اس لیے مارکیٹ میں ڈالر فروخت کرنے والے زیادہ ہیں اور خریدار کم ہیں۔ 
انہوں نے بتایا کہ رواں ماہ کے اختتام پر آئی ایم ایف سے قرض کی قسط ملنے کے بعد صورتحال مزید بہتر ہوجائے گی۔
سینیئر صحافی اور معاشی امور کے ماہر راجہ کامران کا کہنا ہے کہ ملک میں معاشی صورتحال اس وقت بہتری کی جانب جاتی نظر آ رہی ہے۔

راجہ کامران کے مطابق رواں ماہ آئی ایم ایف سے قسط ملنے کے بعد دوست ممالک کی جانب سے پیسے آ جائیں گے۔ (فوٹو: روئٹرز)

’عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ موجودہ اتحادی حکومت نے پچھلے ڈیڑھ ماہ میں امپورٹ بل میں کمی کے لیے جو اقدامات کیے اب اس کے نتائج نظر آ رہے ہیں۔ اس بار امپورٹ بل کم ہوا ہے اور ادائیگیاں کم ہونے کی وجہ سے ملکی خزانے پر بوجھ میں کمی آئی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ رواں ماہ آئی ایم ایف سے قسط ملنے کے بعد دوست ممالک کی جانب سے پیسے آ جائیں گے تو روپے پر دباؤ میں مزید کمی ہوگی اور ڈالر کی قیمت بھی مزید نیچے آئے گی۔
دوسری جانب کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان منفی میں تبدیل ہوگیا، آخری دو گھنٹوں میں بازار میں مندی کا رجحان رپورٹ کیا گیا جو کاروبار کے اختتام تک برقرار رہا. کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 251 پوائنٹس کمی کے ساتھ 42 ہزار 243 کی سطح پر بند ہوا۔

شیئر: