Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’خوف کی علامت‘ بننے والے دنیا کے تیز ترین بولر کو ’سالگرہ مبارک‘

رواں سیزن میں فریضہ حج ادا کرنے والے شعیب اختر سعودی عرب میں سٹیٹ گیسٹ رہے (فوٹو: ٹوئٹر، شعیب اختر)
اپنے پسندیدہ مشغلے سے جڑے دلچسپ لمحات یاد رکھنا شائقین کے لیے آسان کام ہوتا ہے لیکن یہ لطف اس وقت دوبالا ہو جاتا ہے جب آپ کو خاص انسیت زیادہ نہ ہو لیکن معاملہ اتنا دلچسپ ہو کہ آپ کو یاد رکھنے پر مجبور کر دے۔
شاید کچھ ایسا ہی اس وقت بھی ہوا تھا جب ایک دھان پان سے پاکستانی بولر نے گھومتی ہوئی تیز گیندوں پر اپنے وقت کے دو مایہ ناز انڈین بیٹرز کو آؤٹ کر کے پویلین لوٹایا۔
راولپنڈی ایکسپریس کہلانے والے شعیب اختر کے کیریئر کا وہ لمحہ بہت سے شائقین کے لیے کرکٹ کی منفرد یاد کی حیثیت رکھتا ہے، جب پاکستان اور انڈیا کے میچ میں پہلے راہل ڈریوڈ اور پھر سچن تندولکر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے۔
13 اگست کو پیدا ہونے والے شعیب اختر سے متعلق یہ اکلوتی یاد نہیں جو سوشل ٹائم لائنز پر زیربحث ہے۔ متعدد شائقین اپنے پسندیدہ کھلاڑی کی 47 ویں سالگرہ کے موقع پر ان کے کیریئر ریکارڈز سمیت بہت کچھ شیئر کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
ایسے ہی ایک تبصرے میں شعیب اختر کی تیز گیندوں سے زخمی ہونے والے بیٹرز کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا کہ وہ ’کھیل کی تاریخ کے واحد بولر ہیں جنہوں نے 19 بیٹرز کو زخمی کر کے پویلین واپس بھیجا۔‘

پاکستانی ہی نہیں غیرملکی کرکٹ فینز بھی سالگرہ کے موقع راولپنڈی ایکسپریس کی تیز یارکرز کے سامنے بکھری وکٹوں کے مناظر سے لے کر ان کے متعلق کرکٹ کے بڑے ناموں کے تاثرات شیئر کرتے دکھائی دیے۔
آسٹریلوی ٹیم کے کپتان رکی پونٹنگ نے ماضی میں شعیب اختر کی بولنگ کو تیز ترین کہہ کر ایسی چند بولز کی ایک ویڈیو شیئر کی تھی۔ راولپنڈی ایکسپریس کی سالگرہ کے موقع پر یہ مناظر بھی ٹائم لائنز پر نمایاں رہے۔
جنوبی افریقی کرکٹر اے بی ڈی ویلیئرز کو جارح مزاج بیٹر مانا جاتا ہے۔ شعیب اختر کی بولنگ کو اپنے لیے ’ڈراؤنا خواب‘ قرار دینے کا ان کا بیان بھی صارفین کی خصوصی توجہ کا مرکز رہا۔

چند روز قبل آسٹریلیا میں گھٹنوں کی سرجری کے عمل سے گزرنے والے شعیب اختر اپنی ریٹائرمنٹ کے 11 برس بعد بھی کہتے ہیں کہ ’اگر انہیں پاکستان کے لیے دوبارہ بھی ایسا کرنا پڑے تو ایک لمحے کو نہیں جھجکیں گے۔‘
کرکٹ کی تاریخ میں دو مرتبہ 100 میل سے زائد رفتار سے گیند کرانے والے شعیب اختر کو بھی اپنی یہ انفرادیت ایسی بھائی کہ ’100 میل‘ ان کی سوشل پروفائلز کا باقاعدہ حصہ ہے۔
شعیب اختر نے جہاں 161.3 کلومیٹر کی رفتار سے کرکٹ ہسٹری کی تیز ترین گیند کرائی ہے وہیں وہ 100 میل فی گھنٹہ سے زائد رفتار کی گیند کرانے والے پہلے بولر بھی ہیں۔
غیرملکی کرکٹ مبصرین کے لیے ’شویب ایکٹر‘ اور پاکستانیوں کے لیے ’جارح فاسٹ بولر‘ کی شناخت رکھنے والے شعیب اختر نے قومی ٹیم کے لیے 224 انٹرنیشنل میچز کھیل کر 444 وکٹیں حاصل کیں۔

شیئر: