Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہر پل چھکا نہیں ہوتا‘: شعیب اختر اور ڈی ویلیئرز کا دلچسپ مکالمہ

شعیب اختر کی 100 میل سے زیادہ تیز گیند کا ریکارڈ 20 برس بعد بھی برقرار ہے (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر اور جنوبی افریقی کرکٹر اے بی ڈی ویلیئرز کے درمیان سوشل میڈیا پر دلچسپ مکالمے نے کرکٹ فینز کی حسین یادیں تازہ کردیں۔
دونوں کھلاڑیوں کے درمیان مکالمے کا آغاز اس وقت ہوا جب کرکٹ آسٹریلیا نے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’20 برس قبل آج کے دن شعیب اختر 100 میل کی رفتار سے گیند کرا کے دنیا کے تیز ترین بولر بنے۔‘
ایک اور ٹویٹ میں کرکٹ آسٹریلیا نے دو تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’1999 میں مغربی آسٹریلیا کا ایک پولیس افسر راڈار گن سے پاکستانی پیسر کی رفتار پرکھنے کی کوشش کررہا ہے۔‘

اس مرحلے پر کرکٹ فینز نے شعیب اختر کی کارکردگی سے متعلق یادیں تازہ کیں تو ان کی بولنگ پر گرتی وکٹوں اور باؤنسرز کے مناظر اکٹھے کر کے شیئر کیے۔
سابق آسٹریلوی کرکٹر شین واٹسن نے ٹویٹ پر تبصرے میں لکھا کہ ’اپنی 21 ویں سالگرہ منانے کا یہ منفرد طریقہ تھا۔ شعیب اختر بہت اچھے اور بہت تیز تھے۔‘

سابق جنوبی افریقی کرکٹر اے بی ڈی ویلیئرز نے انہیں ریپلائی کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں اب بھی ڈراؤنے خواب دیکھتا ہوں۔‘ اس کے ساتھ ہی انہوں نے قہقہے لگانے کا ایموجی بھی استعمال کیا۔
دو روز سے جاری گفتگو کے اس مرحلے پر شعیب اختر سامنے آئے تو ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ان کی گیند پر پل شاٹ کھیلنے کی کوشش میں اے بی ڈی ویلیئرز اپنی وکٹ گنوا بیٹھتے ہیں۔

 

شعیب اختر کی ٹویٹ کے ریپلائی میں ڈی ویلیئرز نے لکھا کہ ’بہت ہی اچھے پرانے دن۔ آپ نے سپرسپورٹ پارک میں کھیلتے ہوئے اس وقت میری ٹانگ تقریباً توڑ ہی ڈالی تھی جب میں نے ایک گیند کو چھکے کے لیے پُل کیا۔ جس لمحے گیند نے میرا بیٹ چھوا اسی وقت اندازہ ہوگیا تھا کہ بڑی غلطی کردی ہے۔‘

کرکٹ آسٹریلیا کی ٹویٹ اور اس پر تینوں کرکٹرز کی گفتگو دیکھنے والے متعدد صارفین نے جہاں اپنے وقت کے تینوں بڑے کھلاڑیوں کے کیریئر کو یاد کیا وہیں، اے بی ڈی ویلیئرز کی ٹویٹ پر شعیب اختر کے ریپلائی کو طنز سے تعبیر کرتے ہوئے تجویز دی کہ انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔
انڈین کرکٹ فینز نے شعیب اختر کے کرکٹ کیریئر کے دوران ان کے بار بار زخمی ہونے کا ذکر کرتے ہوئے طنز کیا تو پاکستانی فینز کا کہنا تھا کہ اس کے باوجود سپیڈ سٹار نے 400 سے زائد وکٹیں حاصل کیں اور انٹرنیشنل کرکٹ میں بہترین سٹرائیک ریٹ رکھنے والے بولرز میں شامل ہیں۔

اس پر دیپک کے سلوام کا کہنا تھا کہ پاکستان بہترین فاسٹ بولرز متعارف کرانے کی شہرت رکھتا ہے اور شعیب ان میں سے ایک ہیں تاہم یہ ٹویٹ غیرضروری تھی کیونکہ اے بی ڈی ویلیئرز ان کی تعریف ہی کررہے تھے۔
جواب میں متعدد شائقین کرکٹ نے لکھا کہ بڑے کرکٹرز کی اس نوک جھونک پر سنجیدہ نہ ہوں وہ اپنا اچھا وقت یاد کر رہے ہیں۔

شیئر: