Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیصل آباد میں ’شادی سے انکار کرنے پر‘ لڑکی پر تشدد، ملزمان حراست میں

پولیس نے واقعے کا مقدمہ ویمن پولیس سٹیشن فیصل آباد میں درج کر کے ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔ فوٹو: پنجاب پولیس ٹوئٹر
پاکستان کے شہر فیصل آباد میں پولیس نے بتایا ہے کہ ایک شخص نے کالج میں اپنی بیٹی سے جونیئر کلاس کی لڑکی کو شادی سے انکار پر اغوا کر کے تشدد کا نشانہ بنایا۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک لڑکی کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ویڈیو میں لڑکی کے بال کاٹے گئے اور ان سے جوتے چاٹنے کے لیے کہا گیا۔
بدھ کو سی پی او فیصل آباد عمر سعید نے اردو نیوز کو بتایا کہ یہ واقعہ 9 اگست کو پیش آیا۔ جب شیخ دانش نامی ایک شخص نے خدیجہ نامی لڑکی کو اس کے گھر سے اغوا کیا اور اپنے گھر لے گیا۔
سی پی او کے مطابق ’تشدد کا نشانہ بننے والی خدیجہ ملزم شیخ دانش کی بیٹی کی دوست اور کالج میں جونیئر ہے۔ ان کے گھر آنا جانا بھی تھا۔ لڑکی کے بیان کے مطابق شیخ دانش نے اس کے ساتھ جنسی مراسم پیدا کرنے کی کوشش کی اور بعد ازاں شادی کا بھی جھانسہ دیا۔ لڑکی کے انکار پر ملزم نے اسے دھمکیاں دیں۔‘
پولیس نے واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے بعد شیخ دانش اور ان کے ملازمین کو حراست میں لے کر عدالت سے دو روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا۔
سی پی او عمر سعید کے مطابق ’یہ پانچ سے سات لوگ خدیجہ کے گھر گئے اور انہیں اسلحے کے زور پر اٹھا لائے۔ اور اپنے گھر میں تشدد کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ لڑکی کی تذلیل کی جبکہ اس کی ویڈیو بھی بناتے رہے۔ پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔ اور اس میں شیخ دانش کی بیٹی انا اور بیوی ماہم ابھی تک مفرور ہیں جن کی آواز بھی ویڈیو میں سنی جا سکتی ہے۔‘

پولیس نے واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے بعد شیخ دانش اور ان کے ملازمین کو حراست میں لے کر عدالت سے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا (فوٹو: فیصل آباد پولیس)

پولیس نے واقعے کا مقدمہ ویمن پولیس سٹیشن فیصل آباد میں درج کیا ہے جبکہ تمام ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔
سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کے حوالے سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔
سی پی او فیصل آباد عمر سعید کہتے ہیں کہ وہ عوام کے رد عمل سے آگاہ ہیں اور اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
فیصل آباد کے مقامی شہری کاشف کے مطابق ’شیخ دانش کی بیوی ماہم کو جب اس بات پر شک گزرا کہ ان کا خاوند خدیجہ میں دلچسپی لے رہا ہے تو ان کے ایما پر خدیجہ کو اغوا کیا گیا۔ تاہم پولیس نے اس بات کی تصدیق ابھی تک نہیں کی ہے۔‘
سٹی پولیس چیف عمر سعید کے مطابق ’ابھی تک ہماری تفتیش لڑکی کے بیان کے مطابق ہے جو ان کا الزام ہے۔ پولیس پہلے اس کی تفتیش کرے گی اس کیس میں مزید حقائق آنے پر میڈیا کو آگاہ کی جائے گا۔‘

شیئر: