Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کور کمانڈرز کانفرنس: ’متاثرین سیلاب کی ہرممکن مدد کی جائے‘

جی ایچ کیو میں ہونے والے والی کانفرس میں سکیورٹی کی صورت حال اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملک میں سیلاب کے باعث ہونے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ متاثرین کی ہر ممکن مدد یقینی بنائی جائے۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جمعرات کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں 250 ویں کور کمانڈرز کانفرنس آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی صدارت میں منعقد ہوئی۔
اس موقع پر ملک میں اندرونی و بیرون سکیورٹی کی صورت حال کے علاوہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا بھی جائزہ لیا گیا اور فوج کی جانب سے ہونے والی امدادی کارروائیوں پر مکمل بریفنگ بھی دی گئی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہدایت کی بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی روک تھام کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں اور مکمل تیاری رکھی جائے۔
آرمی چیف نے سیلاب کی وجہ سے ہونے والے جان و مالی نقصان پر افسوس اظہار کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ سیلاب سے متاثر ہونے والوں کی بحالی کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔
انہوں نے فوج کی جانب سے جاری امدادی آپریشن کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’مشکل کی اس گھڑی میں ہر متاثرہ شخص تک پہنچا جائے اور ریلیف فراہم کیا جائے۔‘

شیئر: