Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مائیکرو سافٹ کے شریک بانی کی آرٹ کلیکشن کی ’تاریخی‘ نیلامی

پال ایلن کی ذاتی آرٹ کلیکشن میں 500 برس پرانے فن پارے بھی ہیں۔ فوٹو: بلوم برگ
امریکہ کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ کے شریک بانی پال ایلن کی ایک ارب ڈالر سے زائد مالیت کے فن پاروں کی ذاتی کلیکشن کی نیلامی ہونے جا رہی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نیلامی کرنے والی ایک بڑی برطانوی کمپنی کرسٹیز نے اعلان کیا ہے کہ ان فن پاروں میں 19ویں صدی کے مشہور فرانسیسی آرٹسٹ کی پینٹگ بھی شامل ہے جس کی قیمت ایک سو ملین ڈالر سے زیادہ ہے۔
کرسٹیز کے مطابق نومبر میں ہونے والی نیلامی میں 150 فن پارے رکھے جائیں گے جن میں سے کچھ پانچ سو سال پرانے ہیں۔ ان میں مشہور امریکی آرٹسٹ جیسپر جانز کی پینٹنگ بھی شامل ہے جس کی قیمت 50 ملین ڈالر سے زیادہ ہے۔
نیلام ہونے والے فن پاروں میں 19ویں صدی کے معروف فرانسیسی آرٹسٹس کلاڈ مونے، ایڈ وا مانے اور آسٹرین پینٹر گسٹاف کلمٹ کی پینٹنگز بھی شامل ہیں۔
کرسٹیز کے مطابق یہ تاریخ کی سب سے بڑی اور منفرد نیلامی ہو گی۔
مائیکروسافٹ کے شریک بانی سنہ 2018 میں 65 سال کی عمر میں وفات پا گئے تھے۔ انہوں نے بل گیٹس کے ساتھ مل کر 1975 میں اس کمپنی کی بنیاد رکھی تھی۔
کرسٹیز کا کہنا ہے کہ پال ایلن کی خواہش کے مطابق نیلامی سے حاصل کی گئی رقم خیراتی کاموں میں صرف کی جائے گی۔
کرسٹیز کے سربراہ گیولام سیروٹی کے خیال میں پال ایلن کی آرٹ کلیکشن کی طرح کی اور کوئی کلیکشن نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پال ایلن کا آرٹ کے ساتھ جذباتی رشتہ تھا اور اس کے ساتھ ساتھ وہ اسے تجزیاتی نگاہ سے بھی دیکھتے تھے۔
’پال کا خیال تھا کہ آرٹ کے ذریعے زندگی کے منفرد نقطہ نظر کی عکاسی ہوتی ہے۔‘
پال ایلن صحت کے مسائل اور بل گیٹس کے ساتھ تعلقات خراب ہونے کے باعث مائیکروسافٹ کمپنی سے سنہ 1983 میں علیحدہ ہو گئے تھے۔

شیئر: