Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کے صدر کا شہباز شریف کو ٹیلی فون، پاکستانی عوام سے اظہار یکجہتی

امارات نے ہرممکن مدد فراہم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے( فائل فوٹو اے ایف پی)
 امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے سنیچر کو پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو ٹیلی فون کرکے پاکستان کے کئی صوبوں میں سیلاب اور طوفانی بارش سے ہونے والے جانی نقصان پر تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیاہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق امارات کے صدر نے مشکل موسمی حالات کے اثرا ت کا سامنا کرنے پر پاکستان کی حکومت اورعوام کے ساتھ امارات کی یکجہتی اور ہرممکن مدد فراہم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
امارات کے صدر نے زخمیوں کی جلد صحت یابی اور سیلاب سے بے گھر افراد کی جلد اپنے علاقوں مں واپسی کے ساتھ  دعا کی کہ اللہ پاکستان کی حفاظت کرے۔
اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے فوری ریلیف اور ہنگامی امداد کی فراہمی پر امارات کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔
 وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق امارات کے صدر نے اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار اور اس قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امارات کے صدر کو ملک میں مون سون کی غیر معمولی بارش سے ہونے والی ملک گیر تباہی کے بارے میں آگاہ کیا۔
انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں متحدہ عرب امارات کی ہلال احمر اور خلیفہ بن زاید فائونڈیشن کے جاری امدادی کاموں کا بھی اعتراف کیا۔
علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے پاکستان کے صدر ڈاکٹرعارف علوی کو سیلاب اور طوفانی بارش سے ہونے والے جانی نقصان پر تعزیتی پیغام بھیجا ہے۔ انہوں نے تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
 امارات کے نائب صدر، وزيراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مكتوم نے بھی پاکستان کے صدر ڈاکٹرعارف علوی کو تعزیتی پیغام بھیجا اور زخمیوں کے جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا۔
یاد رہے امارات کے صدرشیخ محمد بن زاید آل نہیان نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے ہنگامی امداد کی فراہمی کے احکامات دیے ہیں۔
امارات الیوم کے مطابق پاکستان میں تاریخ کے بدترین سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں اوربے گھرہونے والوں کی امداد کے لیے انسانی بنیادوں پرہنگامی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔ 
سیلاب متاثرین کے لیے 300 ٹن غذائی اشیا کے علاوہ طبی ضرورت کے مطابق ادویات، خیمے اوردیگر ضروری اشیا فراہم کی جائیں گی۔
اماراتی امدادی ٹیمیں بھی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پاکستانی این جی اوز کے ساتھ مل کرضرورت مندوں کی مدد کریں گی تاکہ متاثرین کی غذائی اور دیگر ضروریات کو جلد سے جلد پورا کیا جاسکے۔  

شیئر: