Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لیبیا میں جھڑپوں کے دوران 23 ہلاک، متعدد زخمی

مختلف گروپوں میں سیاسی تقسیم کے باعث کئی واقعات سامنے آئے ہیں۔ فوٹو مڈل ایسٹ مانیٹر
لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں دو  حریف گروپوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں جن میں 23 افراد ہلاک جبکہ متعدد عام شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
اے پی نیوز ایجنسی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ملک میں جاری سیاسی تعطل کےباعث مختلف گروپو ں میں جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث عام شہری بھی ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں۔
لیبیا کی وزارت  صحت کے اہلکار کے مطابق ایمرجنسی سروسز کے ترجمان نے  بتایا  ہے کہ سوشل میڈیا ویڈیوز کے لیے مشہور کامیڈین مصطفیٰ برکا گولی لگنے سے ہلاک ہو گئے۔ مصطفیٰ  کی لاش  طرابلس کے ایک ہسپتال میں  لے جائی  گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دارالحکومت طرابلس میں ہونے والی جھڑپوں میں زخمی ہونے والوں میں متعدد عام شہری ہیں۔ آن لائن نشر ہونے والی فوٹیج میں بظاہر لڑائی سے مکانات اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق طرابلس میں موجود انقلابیوں کی ایک بریگیڈ جس کی قیادت ہیثم تاجوری کر رہے ہیں اور جنگجو سردار عبدالغنی الککلی کے گروپ کے درمیان پچھلے کچھ روز سے کشیدگی چل رہی تھی اور ہفتے کی صبح دونوں میں شدید لڑائی شروع ہوئی۔

گروپوں میں تصادم سےمکانات اورگاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ فوٹو ٹوئٹر

واضح رہے کہ لیبیا میں تقریباً ایک دہائی کی خانہ جنگی کے بعد نسبتاً امن کو خطرے میں ڈالنے کے لیے یہ تشدد تازہ ترین اضافہ بیان کیا جا رہا ہے جس میں دو سیاسی گروپوں میں انتہائی کشیدگی پائی جاتی ہے۔
گذشتہ چند مہینوں میں دارالحکومت طرابلس میں مختلف گروپوں میں اس طرح کی سیاسی تقسیم کے باعث تشدد کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں۔

شیئر: