Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'دعا ہے کہ اگر حسن علی کھیلے تو اچھا کھیلے، ہمارے جذبات سے نہ کھیلے‘

شاہ نواز دہانی کی جگہ حسن علی یا محمد حسنین کو کھلائے جانے کا امکان ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور انڈیا کے درمیان ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کا میچ کے لیے شاہ نواز دہانی کی جگہ محمد حسنین یا حسن علی میں سے کسی ایک کو موقع ملنے کا امکان ہے۔

اتوار کے روز دبئی میں کھیلے جانے والے اس بڑے میچ سے قبل پاکستانی فاسٹ بولر شاہ نواز دہانی انجری کا شکار ہونے کے باعث میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔

محمد حسنین کو شاہین شاہ آفریدی کی انجری کے باعث ایشیا کپ سکواڈ میں شامل کیا گیا تھا اور پھر کچھ ہی روز بعد محمد وسیم جونیئر کی انجری کی وجہ سے حسن علی کو بھی سکواڈ میں شامل کرلیا گیا تھا۔
سنہ 2016 میں انگلیںڈ کے خلاف اپنے ٹی 20 کیریئر کا آغاز کرنے والے حسن علی نے 49 ٹی 20 میچز میں 60 وکٹیں لی ہیں تاہم گزشتہ ایک سال سے حسن علی کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے۔

 

جس کے بعد ان کی ٹیم میں شمولیت پر بھی سوال اُٹھنے لگے تھے تاہم انھیں سری لنکا ٹور کے بعد ایشیا کپ میں بھی موقع دیا گیا ہے۔
دوسری جانب 2019 میں انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے محمد حسنین نے 18 میچز میں 17 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
محمد حسنین نے آخری مرتبہ پاکستان ٹیم کے لیے آخری میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف دسمبر 2021 میں کھیلا تھا جس کے بعد آسٹریلین ٹی 20 لیگ بِگ بیش لیگ میں ان کا ایکشن مشکوک قرار دے دیا گیا تھا۔ حسنین نے اس کے بعد اپنا بولنگ ایکشن کلیئر کیا اور دوبارہ ٹیم کا حصہ بن گئے ہیں۔
انڈٰیا کے خلاف اہم ترین میچ سے پہلے حسن علی اور محمد حسنین کے حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی تبصرے دیکھنے میں آرہے ہیں۔

پی ایس ایل میمز والے کہتے ہیں کہ 'آج بس یہ دعا ہے کہ اگر حسن علی کھیلے تو بہت اچھا کھیلے بس ہمارے جذبات کے ساتھ نہ کھیلے۔'

حسن علی اور محمد حسنین کی ٹیم میں متوقع واپسی پر سوشل میڈیا صارفین میمز سے بھی لطف اندوز ہوتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
اب ان دونوں میں سے کون کھیلے گا اس کا اعلان میچ سے قبل ہی ہوگا تب تک سوشل میڈیا صارفین تجسس کو بھی انجوائے کر رہے ہیں۔

شیئر: