Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاکھوں فالورز کو لذیذ کھانوں کی ٹپس دینے والی سعودی فوڈ بلاگر

سوشل میڈیا  پر لوگوں کے لیے کام کرنا ریستوران کھولنے سے بہتر ہے۔ فوٹو عرب نیوز
جدہ میں مقیم رینین جودہ جو  گھریلو خاتون  ہونے کے علاوہ ڈیجیٹل میڈیا پر  بلاگرز اور تخلیق کار بھی ہیں ان دنوں  کھانا بنانے کی مختلف دلچسپ اور منفرد ترکیبیں سوشل میڈیا پر پوسٹ کر رہی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق  رنین جودہ کے اس وقت انسٹاگرام پر فالورز کی تعداد تین لاکھ 5 ہزار ہے،33 ہزار ٹک ٹاک پر اور 35 ہزار سنیپ چیٹ پر فالورز ہیں، اس کے ساتھ ساتھ  یوٹیوب چینل پر ان کے ایک لاکھ 72 ہزار سبسکرائبرز بھی ہیں۔

کسی سادہ ترکیب والی ویڈیو شوٹ کرنے میں چھ گھنٹے لگتے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

رینین جودہ نے اپنے سوشل میڈیا کے سفر کا آغاز گھر کے لذیذ کھانوں کے سادہ فوڈ بلاگز بنا کر کیا لیکن جب انہیں احساس ہوا کہ تخلیقی، پیشہ ورانہ اور معلوماتی مواد کی مزید تشہیر کی ضرورت ہے تو انہوں نے اپن اس فن کو عروج پر لے جانے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدا میں  لوگ مجھے  گھریلو خاتون کے طور پر دیکھتے تھے جو عام کھانے پکاتی ہیں لیکن اب میں نے سینماٹوگرافی کے ذریعے اپنے اس شوق  کی تکمیل میں کافی محنت کی ہے اور اس کے تخلیقی انداز کو شوٹ کرنا شروع کر دیا ہے۔
انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاونٹ پر زیادہ تر عرب اور بحیرہ روم کے علاقائی ذائقوں کے ساتھ بہت سی ترکیبیں پیش کی ہیں جن میں بیکنگ کے منفرد ٹپس کے علاوہ  بچوں کے لنچ باکس کی تیاری، مختلف قسم کے میٹھے اور سلاد تیار کرنے کے نئے نئے آئیڈیاز پیش کئے ہیں۔

منفرد ٹپس میں بچوں کے لنچ باکس کی تیاری بھی شامل ہے۔ فوٹو انسٹاگرام

رینین جودہ اپنے پکوان شیئر کرتے ہوئے بنائی جانے والی دلکش ویڈیوز میں کھانا پکانے کی مناسب تکنیک اور اس میں کیسے مہارت حاصل کرنے کے ٹپس بھی شیئر کرتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کسی ایک سادہ ترکیب والی ویڈیو شوٹ کرنے میں کھانا پکانے، فلم بندی اور ایڈیٹنگ پر تقریباً چھ گھنٹے لگتے ہیں لیکن تخلیقی طور پر تیار کی جانے والی ویڈیو میں تین سے سات دن تک لگ سکتے ہیں۔
جودہ  نے اپنے اس فن کو مزید آگے بڑھانے کے لیےایک تخلیقی پروڈکشن ہاؤس قائم کیا ہے اور اس کا نام Creative Table رکھا ہے جو جلد ہی لانچ کیا جائے گا۔
سعودی بلاگر کا کہنا ہے کہ اس وقت تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایک برانڈ بنانے کے لیے مل کر کام کر سکتے ہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم برانڈ بنانے کے لیے کام کر سکتے ہیں۔ فوٹو انسٹاگرام

ان دنوں وہ سنیپ چیٹ کو ریسیپی ویڈیو کے طور پر استعمال کرتی ہیں جسے بعد میں انسٹاگرام پر پیشہ ورانہ انداز میں پوسٹ کیا جاتا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا میں سنیپ چیٹ کو زیادہ ترجیح دی ہے، ان کا خیال ہے کہ اس سے وہ لوگوں کے زیادہ قریب ہو سکتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بہت سے لوگوں نے مجھے ریستوراں کھولنے کا مشورہ  بھی دیا ہے تاہم ریسٹورنٹ کھولنا میری آخری ترجیح ہے جب کہ سوشل میڈیا  پر کام کرنا ریستوران کھولنے سے بہتر ہے۔
 

شیئر: