Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اب آپ بیٹنگ کی بات ہی کریں گے، سابق و موجودہ کرکٹرز بھی نسیم شاہ کے معترف

پاکستان نے آخری اوور میں نسیم شاہ کے دو چھکوں کی بدولت میچ اپنے نام کیا (فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے نسیم شاہ کو 28 اگست 2022 کو ایشیا کپ کے پہلے میچ میں ٹی 20 کیپ ملی تو شاید کسی کو اندازہ نہ تھا کہ آئندہ چند روز میں وہ اپنی زندگی کی ایک یادگار اننگز کھیلنے والے ہیں۔
سات ستمبر کو شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں افغانستان کے 130 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کرتی ہوئی گرین شرٹس کی وکٹیں مسلسل گریں تو خدشہ پیدا ہوا کہ پاکستان یہ میچ ہار جائے گا۔ بات آخری وکٹ اور آخری اوور تک پہنچی تو بہت سوں کا یقین مزید پختہ ہوا کہ میچ افغانستان کے حق میں جا رہا ہے۔
افغان بولر فضل حق فاروق پاکستانی اننگز کا بیسواں اوور کرانے لگے تو کریز پر ان کے سامنے بیٹنگ کے لیے بھی دو پاکستانی بولرز نسیم شاہ اور محمد حسنین موجود تھے۔ 
اننگز کا آخری اوور شروع ہونے سے قبل گرین شرٹس کو چھ گیندوں پر 11 رنز درکار تھے۔ بائیں ہاتھ سے تیز گیند کرانے والے افغان بولر فضل حق فاروق نے پہلی گیند شاید یارکر پھینکنے کی کوشش کی مگر دباؤ یا اندازے کی غلطی کی وجہ سے وہ فل ٹاس بنی، نسیم شاہ کا بیٹ چمکا اور دیکھتے ہی دیکھتے گیند لانگ آف پر باؤنڈی سے باہر جا گری۔
کم و بیش اسی طرح کی صورتحال اوور کی دوسری گیند پر بھی ہوئی اور میچ ہارتے ہارتے گرین شرٹس نے فتح سمیٹ لی۔
کرکٹ فینز نے نسیم شاہ کے دونوں چھکوں پر ان کی تعریف کی تو میدان میں موجود کمنٹیٹر بھی ان کی بیٹنگ کو سراہے بغیر نہ رہ سکے۔ خود نسیم شاہ کو کہنا پڑا کہ ’میرے خیال سے آج آپ میری بیٹنگ کے بارے میں ہی باتیں کریں گے۔‘
نسیم شاہ نے بتایا کہ ’میرا بیٹ اتنا اچھا نہیں تھا میں نے حسنین سے بیٹ تبدیل کیا۔ انہیں کہا کہ مجھے بلا دو اور باقی میرے اوپر چھوڑ دو۔ مجھے یقین تھا کہ میں کر لوں گا۔‘
پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے نسیم شاہ کی پریکٹس اور چھکوں کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ان کی تعریف کی تو لکھا کہ ’پریکٹس نتائج کو آسان پرفیکٹ اور آسان بنا دیتی ہے۔‘
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے کامیابی پر پوری ٹیم کو مبارکباد دی تو نسیم شاہ و دیگر کھلاڑیوں کا خصوصی ذکر کیا۔

انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے سابق کرکٹر اور کرکٹ کمنٹیٹر ایلن ولکنز نے گزشتہ میچ میں نسیم شاہ کی ٹانگ میں تکلیف اور پھر افغانستان کے خلاف میچ میں ان کے خوشی منانے کی الگ الگ تصاویر ٹویٹ کرتے ہوئے انہیں ’آہنی اعصاب‘ کا مالک قرار دیا۔

پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے نسیم شاہ کا ذکر کیا تو ان کی کارکردگی کو ’مضبوط اعصاب کے مظاہرے کا لمحہ‘ قرار دیا۔

افغانستان کے خلاف میچ کے ’مین آف دی میچ‘ رہنے والے شاداب خان نے شارجہ کرکٹ گراؤنڈ پر پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے جہاں جاوید میانداد اور شاہد خان آفریدی کے چھکوں کو یاد کیا وہیں نسیم شاہ کے چھکوں پر لکھا کہ یہ ’یاد رکھے جائیں گے۔‘

انڈیا کے خلاف گزشتہ میچ میں پاکستان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے والے محمد نواز نے اپنے تبصرے میں لکھا کہ ’آپ پورا شو اپنے نام کر گئے۔‘

ساتھی کھلاڑیوں سمیت سابق پاکستانی اور غیرملکی کرکٹرز کی تعریف کا مرکز بننے والے نسیم شاہ نے میچ میں کامیابی ’ان سب لوگوں کے نام‘ کی ’جو ہمیں ہمیشہ سپورٹ کرتے ہیں۔‘

ایشیا کپ سپرفور مرحلے کے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو ایک وکٹ سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ جہاں گرین شرٹس کا مقابلہ سری لنکا سے ہو گا۔

شیئر: