Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی افغانستان کے خلاف جیت کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنے والے 41 افراد گرفتار

پشاور پولیس کے ترجمان محمد الیاس کے مطابق شہر میں غیر قانونی طور پر اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف مہم جاری ہے۔ (فوٹو: اردو نیوز)
صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں پولیس نے ایشیا کپ ٹی20 میں پاکستان کی افغانستان کے خلاف جیت کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنے والے 41 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
بدھ کی رات کو ہوائی فائرنگ سے سے چار افراد ہلاک اور 21 زخمی ہو گئے تھے۔ زخمیوں کو شہر کے تین ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
پشاور پولیس کے ترجمان محمد الیاس نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’پشاور میں افغانستان اور پاکستان کے میچ کے بعد ہوائی فائرنگ کرنے والے 41 افراد کو شہر کے مختلف تھانوں کی حدود سے گرفتار کیا گیا جن سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ پشاور میں غیر قانونی طور پر اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف مہم جاری ہے صرف رواں ماہ کے دوران چار ہزار سے زائد ملزمان کو گرفتار کر کے ان پر مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔

فائرنگ کے واقعات کہاں کہاں پیش آئے

سب سے افسوسناک واقعہ پشاور کے نواحی علاقے متنی میں پیش آیا جب ایک شہری نے افغانستان سے جیت کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کر کے اپنے ہی بیٹے اور اس کے دوست کو زخمی کر دیا جو بعد ازاں جانبر نہ ہو سکے۔ پولیس کے مطابق ملزم تاحال گرفتار نہیں ہوا تاہم اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان محمد عاصم نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’دو لاشیں اور آٹھ زخمی ہسپتال لائے گئے جو ہوائی فائرنگ کا شکار بنے تھے۔ زخمیوں میں سات خواتین شامل تھیں جن کے سر اور گردن پر زخم آئے تھے۔‘
خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں ہوائی فائرنگ کا شکار بننے والے سات زخمی لائے گئے جبکہ ایک شہری ہلاک ہوا۔
ترجمان سجاد خان کے مطابق ’زخمیوں میں چار خواتین شامل تھیں۔‘
حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں کل چار زخمی لائے گئے جن میں سے ایک زخموں کی تاب نہ لا سکا اور دم توڑ گیا۔
شہریوں کے مطابق دلہ زاک روڈ ، شاہ پور، یکہ توت، تہکال، حیات آباد، چغل پورہ، غریب آباد، گلبہار، پھندو، متنی، ارمڑ، چمکنی، یونیورسٹی ٹاون میں ہونے والی فائرنگ کے دوران ایم فور سمیت کلاشنکوف اور بڑے ہتھیاروں سے ہوائی فائرنگ کی گئی تھی جس سے شہر لرز اٹھا تھا۔

شیئر: