Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

البانیہ پر سائبر حملہ، امریکہ کی جانب سے ایران پر نئی پابندیاں عائد

امریکی محکمہ خزانہ نے کہا کہ ’ایران کی وزارت انٹیلی جنس اور سکیورٹی سائبر حملے کرنے والے متعدد نیٹ ورکس کو ہدایات دیتی ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ نے ایران کے وزارت انٹیلی جنس وسکیورٹی اور اس کے وزیر پر نئی پابندیاں عائد کردی ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکہ نے جمعے کو یہ پاپندیاں عائد کرتے ہوئے ایران پر الزام لگایا کہ ’اس نے جولائی میں البانیہ پر سائبر حملے کیے تھے۔‘
ایران پر امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے خلاف سائبر سرگرمیوں کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔
امریکہ کی جانب سے یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب البانیہ نے بدھ کو ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے بعد رواں برس جولائی میں ہونے والے سائبر حملے کا الزام ایران پر عائد کیا۔
یاد رہے کہ اس واقعے کے بعد البانیہ نے ایرانی سفارت کاروں اور سفارت خانے کے عملے کو 24 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا تھا۔
امریکی محکمہ خزانہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’ایران کی وزارت انٹیلی جنس اور سکیورٹی سائبر دھمکیوں کے متعدد نیٹ ورکس کو ہدایات دیتی ہے۔ ان نیٹ ورکس میں ایران کی حمایت میں سائبر جاسوسی اور تاوان کے لیے سافٹ ویئر ہیک کرنے جیسے حملوں میں ملوث افراد بھی شامل ہیں۔‘

شیئر: