Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آپ اس طرح تہوار مناتے ہیں؟‘ کرناٹک میں مسجد کے باہر اشتعال انگیز گانے پر رقص

ٹوئٹر صارفین جلوس کی قیادت کرنے والے بی جے پی رہنما کی گرفتاری کا مطالبہ کررہے ہیں (فوٹو: سکرین گریب)
انڈیا کی ریاست کرناٹک میں ہندو تہوار گنیش چتھرتھی کے ایک جلوس کے دوران حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک رہنما کی قیادت میں ایک مسجد کے باہر مبینہ طور پر ایک اشتعال انگیز گانے پررقص کیا گیا۔
سوشل میڈیا پر متعدد صارفین کی طرف سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں ایک ہجوم کو رقص کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ یہ ویڈیو کرناٹک کے شہر کالابراگی (گلبرگہ) کی ہے جہاں گنیش چتھرتھی کا جلوس مسجد کے باہر اشتعال انگیز گانے پر رقص کررہا ہے۔
ٹوئٹر پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں سنائی دینے والے گانے کے بول ہیں ’خون سے اس دھرتی کو ہم نہلائیں گے، ہم تجھ کو تیری اوقات یاد دلائیں گے۔‘
نوید شیخ نامی ایک صارف نے ایک ٹویٹ میں پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ اس جلوس کی مبینہ طور پر قیادت کرنے والے بے جے پی رہنما چندو پٹیل کو گرفتار کرے۔

دیگر صارفین بھی اپنے شہر کی پولیس سے بی جے پی رہنما کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے نظر آئے۔
عامر خان پٹھان نامی صارف نے ویڈیو کرتے ہوئے سوال کیا کہ ’کیا آپ اس طرح اپنا تہوار مناتے ہیں؟‘

انڈیا میں فیکٹ چیک ویب سائٹ چلانے والے صحافی محمد زبیر نے اس حوالے سے لکھا کہ ’کچھ دن پہلے کالابرگی پولیس نے ٹویٹ کی تھی کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے گی۔‘
انہوں نے اس ٹویٹ میں پولیس سے پوچھا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف اب تک کیا کارروائی کی گئی ہے؟

اس حوالے سے پولیس یا کرناٹک میں بی جے پی کی حکومت کی جانب سے کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔

شیئر: