Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادہ محمد بن سلمان سے کویتی وزیراعظم کی ملاقات 

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے منگل کو جدہ کے قصر السلام میں کویتی وزیراعظم شیخ احمد بن نواف الصباح نے ملاقات کی ہے۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے کویتی وزیراعظم کو ان کے اپنے دوسرے گھر سعودی عرب میں خوش آمدید کہتے ہوئے  کہا کہ’ میں یہاں آپ اور ہمراہی وفد کے خوشگوار قیام کا آرزو مند ہوں‘۔ 
کویتی وزیراعظم نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے مکتوب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے حوالے کیا۔ امیر کویت اور نائب امیر کی جانب سے خیر سگالی کے پیغامات بھی پہنچائے۔

برادرانہ تعلقات  مزید مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔( فوٹو ایس پی اے)

ملاقات کے دوران سعودی عرب اور کویت کے برادرانہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں انہیں جدید خطوط پر استوار کرکے مزید مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔ علاوہ ازیں علاقائی و بین الاقوامی حالات  پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ 
اس موقع پر سعودی وزیر مملکت و رکن کابینہ شہزادہ ترکی بن محمد بن فہد بن عبدالعزیز، کویت میں متعین سعودی سفیر شہزادہ سلطان بن سعد اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل  بن فرحان بھی موجود تھے جبکہ کویت کی جانب سے مملکت میں متعین سفیر شیخ علی الخالد الجابر الصباح، سیکریٹری ایوان وزیراعظم شیخ خالد طلال خالد الاحمد الصباح اور وزیراعظم کے دفتر کے ڈائریکٹر حمد بدر العامر بھی موجود تھے۔ 

شیئر: