Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا شعیب ملک ٹی20 ورلڈکپ کے لیے پاکستانی ٹیم کا حصہ ہوں گے؟

شعیب ملک پاکستان کی طرف ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے تیسرے کھلاڑی ہیں۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
پاکستان کرکٹ ٹیم کو گذشتہ اتوار متحدہ عرب امارات میں کھلیے جانے والے ایشیا کپ کے فائنل میں سری لنکا کے ہاتھوں 23 رنز سے شکست ہوئی تھی اور اس ہار کے بعد پاکستانی سوشل میڈیا پر ایونٹ کے فائنل میچ میں ٹیم کی خراب کارکردگی زیرِبحث ہے۔
ایشیا کپ کے دوران اور خصوصاً فائنل میں بابر اعظم کی کپتانی پر بھی سوالات اٹھائے گئے۔
متعدد صارفین کا یہ بھی کہنا تھا کہ فائنل میچ میں جب سری لنکا کی ٹیم کے پانچ کھلاڑی 58 رنز پر آؤٹ ہوگئے تھے تو سری لنکا کی ٹیم 170 رنز بنانے میں کیسے کامیاب ہوئی؟
یہ بھی سوال کیا جاتا رہا کہ پورے ایشیا کپ میں بولنگ نہ کرنے والے افتخار احمد کو فائنل میچ میں تین اوورز دیے گئے جبکہ ٹورنامنٹ میں پاکستان کے کامیاب ترین سپنر محمد نواز کو صرف ایک اوور دیا گیا۔
ایشیا کپ کے دوران پاکستان کا بیٹنگ مڈل آرڈر بری طرح ناکام ہوتا ہوا نظر آیا جس کا اندازہ مڈل آرڈر بیٹرز کی پرفارمنس دیکھ کر لگایا جاسکتا تھا۔
افتخار احمد نے ایشیا کپ میں چھ میچ کھیل کر 105 رنز، فخر زمان نے چھ میچوں میں 96 اور خوش دل شاہ نے چھ میچوں میں 58 رنز بنائے۔
پاکستانی کپتان بابر اعظم کے لیے بھی ایشیا کپ اچھا نہیں رہا اور وہ چھ میچوں میں صرف 68 رنز بناسکے۔
اس غیر متاثرکن کارکردگی پر پاکستان پر تنقید جاری تھی کہ ایسے میں پاکستان کے سابق کپتان شعیب ملک کا ایک ٹویٹ آیا جس نے سوشل میڈیا اور میڈیا ایک نئی بحث چھیڑ دی۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا تھا کہ ’ہم کب دوستی، پسند اور ناپسند کے کلچر سے باہر نکلیں گے۔
ان کی ٹویٹ کا مطلب یہ اخذ کیا کیا گیا کہ پاکستان ٹیم میں شاید کھلاڑیوں کو کارکردگی نہیں بلکہ پسند یا ناپسند پر شامل کیا جارہا ہے۔
شعیب ملک کی اس ٹویٹ کے بعد بحث کا رخ جیسے مڑ سا گیا ہے اور یوں لگتا ہے جیسے لوگ شعیب ملک  کے حامی اور  مخالف گروپوں میں تقسیم ہوگئے ہیں۔
چالیس سالہ شعیب ملک جو کہ ون ڈے کرکٹ سے 2019 می ریٹائر ہوچکے ہیں، اب تک ٹی 20 سے ریٹائر نہیں ہوئے اور ان کی ٹویٹ سے کئی لوگ یہ مطلب بھی اخذ کررہے ہیں کہ شاید وہ پاکستان کی طرف سے آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔

شعیب ملک پر تنقید

پاکستان کے سابق بیٹسمین فیصل اقبال نے شعیب ملک کو جواب دیتے ہوئے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’ملک صاحب، پسند اور ناپسند کے کلچر میں نیا کیا ہے؟  یہ تو لمبے عرصے سے ہورہا ہے اور یہ آپ کی کپتانی میں بھی ہوتا رہا ہے اور اس کچھ کریئر تباہ بھی ہوئے تھے۔‘
اریحا فاطمہ نامی صارف نے شعیب ملک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’ایک ایسے وقت جب ٹیم برے وقت سے گزر رہی ہے اور اسے تنقید کا سامنا ہے اس وقت شعیب ملک اپنا ایجنڈا چلا رہے ہیں۔‘
کچھ صارفین کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ دیکھنے والے پاکستان ٹیم کی ایشیا کپ میں ہار پر غصے میں تھے لیکن شعیب ملک کی ایک ٹویٹ نے سارے غصے کا رخ ہی بدل دیا۔

کیا شعیب ملک کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے ٹیم میں شامل کیا جانا چاہیے؟

شعیب ملک کی پسند اور ناپسند کے کلچر کے حوالے سے ٹویٹ کے بعد سابق پاکستانی کھلاڑیوں اور عام سوشل میڈیا صارفین کی طرف سے بھی یہ مطالبہ سامنے آیا ہے کہ انہیں آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کا حصہ ہونا چاہیے۔
پاکستان کے سابق کپتان اور چیف سلیکٹر انضمام الحق ان لوگوں میں سے ہیں جو شعیب ملک کی ٹیم میں شمولیت کے حامی ہیں۔
لاہور میں ایک تقریب کے دوران انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ ’پاکستان کی ایشیا کپ میں کاکردگی اچھی نہیں تھی لیکن زیادہ پریشانی کی بات یہ ہے کہ پاکستان کا مڈل آرڈر نہیں چلا جب اس کی ضرورت تھی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میرے خیال میں شعیب ملک، شرجیل خان اور شان مسعود موجودہ صورتحال میں پاکستان کے لیے اچھا کردار ادا کرسکتے ہیں۔‘
پاکستان کے ایک اور سابق کھلاڑی محمد حفیظ بھی پاکستانی بیٹرز کی ناکامی پر پریشان نظر آرہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ شعیب ملک کو ٹیم میں شامل کیا جانا چاہیے۔
ایک ٹی وی شو کے دوران حفیظ نے آصف علی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’آصف علی کے ایک یا دو چھکوں کے انتظار میں آپ اسے کتنے میچ دیں گے؟‘
ان کا اسی پروگرام کے دوران کہنا تھا کہ ’شعیب ملک آپ کے پاس موجود ہے۔ آپ اسے کیوں نہیں کھلا رہے؟‘

شعیب ملک کا ٹی20 کریئر

شعیب ملک کا شمار پاکستان کے لیے سب سے زیادہ ٹی20 میچز کھیلنے والے کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے لیے 123 میچوں میں 9 نصف سینچریوں کی مدد سے دو ہزار 423 رنز بنائے ہیں اور ان کی رن بنانے کی اوسط 31.46 ہے۔
پاکستان کے لیے ٹی20 میچوں میں ان سے زیادہ صرف دو کھلاڑیوں کے رنز ہیں۔ پہلا نمبر بابر اعظم کا ہے جنہوں نے 79 میچوں میں 26 نصف سینچریوں اور ایک سینچری کی مدد سے دو ہزاد 749 رنز بنائے ہیں جبکہ رواں سال ریٹائر ہونے والے محمد حفیظ اس فہرست میں دو ہزار 514 رنز بنا کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
شعیب ملک اپنے 16 سالہ ٹی20 کریئر میں چھ ٹی20 میچوں میں مین آف دا میچ بھی رہے ہیں۔

شیئر: