Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میچز کی تیاریاں مکمل، انگلش کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی

انگلش کرکٹ ٹیم پاکستان کے دورے پر کراچی پہنچ گئی ہے۔
دوسری جانب پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان میچز کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کا یہ 17 برس میں پہلا دورہ پاکستان ہے۔
جمعرات کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار ٹی 20 میچز کے حوالے سے سپیشل سکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) کے ہیڈ کوارٹرز میں سکیورٹی کوآرڈینیشن کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ 
اجلاس میں میچز کے آغاز سے قبل سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ 
سپیشل سکیورٹی یونٹ کے ترجمان کے مطابق ڈی آئی جی ڈاکٹر مقصود احمد کو سکیورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ 
سکیورٹی ڈویژن کے اہلکار بشمول ایس ایس یو کمانڈوز، ڈسٹرکٹ پولیس، ٹریفک پولیس، سپیشل برانچ، سندھ رینجرز، فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار نیشنل سٹیڈیم، کراچی ایئرپورٹ، سڑکوں، ہوٹلز، پریکٹس گراؤنڈز اور دیگر مختلف علاقوں میں سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ حساس مقامات پر ماہر نشانہ بازبھی تعینات کیے جائیں گے۔
 انہوں نے کہا کہ ڈی آئی جی سکیورٹی نے ٹیموں اور تماشائیوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کا عزم کیا اورہدایات جاری کیں کہ ایونٹ کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائے جائیں۔
اجلاس میں ایس پی ایس ایس یو اظہر مغل، پاکستان آرمی، رینجرز اور پی سی بی کے اعلیٰ حکام سمیت تمام سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔

شیئر: