Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی20 سیریز ’ورلڈ کپ کے لیے اہم‘

انگلینڈ کے کپتان جوس بٹلر کا کہنا ہے کہ ’یہ اس ورلڈ کپ کے لیے ایک اہم سیریز ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور انگلینڈ آئندہ ماہ اکتوبر میں ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے اپنی تیاری جاری رکھے ہوئے ہے اور منگل کو کراچی میں دونوں ٹیموں کے درمیان سات میچوں کی سیریز کا آغاز ہوگا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلے چار میچ 20، 22، 23 اور 25 ستمبر کو کراچی میں جبکہ آخری تین لاہور میں 28، 30 ستمبر اور دو اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔
انگلینڈ کو گذشتہ سال اکتوبر میں پاکستان آنا تھا تاہم نیوزی لینڈ کے سکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے انگلینڈ نے دورہ مختصر نوٹس پر منسوخ کر دیا تھا۔
نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیموں کے پاکستان میں کھیلنے سے انکار پر پاکستان میں شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔
انگلینڈ کے نئے کپتان جوس بٹلر جو انجری کا شکار ہیں، کا کہنا ہے کہ ’یہ اس ورلڈ کپ کے لیے ایک اہم سیریز ہے، ظاہر ہے کہ سب کا بنیادی مقصد اس ورلڈ کپ کے لیے پوری طرح تیار ہونا ہے۔ ‘
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان ایک بہت مضبوط ٹیم ہے اور ہمیں واقعی ایک سخت چیلنج دے گی۔‘
معین علی ان کی غیر موجودگی میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔
پاکستان کے ٹاپ آرڈر بلے باز شان مسعود کے مطابق ڈرگ ٹیسٹ مثبت آنے پر تین سال تک بین الاقوامی کرکٹ سے دور رہنے والے بعد دھماکہ خیز اوپنر ایلکس ہیلز کی واپسی انگلینڈ کی بیٹنگ کو تقویت دے گی۔
انہوں نے کہا کہ ’میرے خیال میں انگلینڈ بہترین وائٹ بال ٹیموں میں سے ایک ہے۔ انگلینڈ ایک بہت اچھا چیلنج دے گا اور یہ ورلڈ کپ سے پہلے تیاری کا ایک مثالی وقت ہے۔‘
حکام نے بتایا ہے کہ میچ کے دن ٹیموں اور سٹیڈیم کی سکیورٹی کے لیے چار ہزار پولیس اور سکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے۔

شان مسعود کے مطابق اوپنر ایلکس ہیلز کی واپسی انگلینڈ کی بیٹنگ کو تقویت دے گی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

تماشائیوں کو مکمل تلاشی کے بعد خصوصی محفوظ شٹل میں سٹیڈیم لایا جائے گا۔
سات میچوں کی ٹی20 انٹرنیشنل سیریز کے لیے سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
پاکستانی سکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان، عامر جمال، ابرار احمد، آصف علی، حیدر علی، حارث رؤف، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد حارث، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم، نسیم شاہ، شاہنواز دہانی، شان مسعود اور عثمان قادر شامل ہیں۔
دوسری جانب انگلینڈ کے سکواڈ میں جوس بٹلر (کپتان)، معین علی، ہیری بروک، جارڈن کاکس، سیم کرن، بین ڈکٹ، لیام ڈاسن، رچرڈ گلیسن، ایلکس ہیلز، ٹام ہیلم، ول جیکس، ڈیوڈ ملان، عادل رشید، فل سالٹ، اولی اسٹون، ریس ٹوپلی، ڈیوڈ ولی، کرس ووکس، لیوک ووڈ، مارک ووڈ شامل ہیں۔

شیئر: