Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات میں کب کیا ہو گا؟

10 روز کے سرکاری سوگ کے بعد ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی تدفین آج لندن میں ہو گی۔
برطانوی اخبار گارجین کے مطابق یہ ایک روایتی تقریب پر مبنی دن ہو گا، جس میں سربراہان مملکت سمیت دوسرے عالمی رہنما شرکت کریں گے۔
قطاروں میں لگے افراد برطانوی وقت کے مطابق صبح 6:30 بجے ویسٹ منسٹر ہال میں ملکہ کا آخری دیدار کریں گے۔
اس سے وہ آخری ایام ختم ہو جائیں گے جن میں عوامی تعزیت کے لیے دریائے ٹیمز کے ساتھ آٹھ کلومیٹر تک عوام کی قطاریں لگی ہوئی تھیں۔

برطانوی وقت کے مطابق آج کون کون سی تقریبات ہوں گی؟

صبح 6:30- عوامی تعزیت کا وقت ختم
ویسٹ منسٹر ہال میں عوامی تعزیت کے لیے بدھ سے رکھی ملکہ کی میت کے آخری دیدار کا وقت ختم ہو جائے گا۔
صبح 8 بجے- ویسٹ منسٹر ایبی کھل جائے گا
ویسٹ منسٹر ایبی ملکہ کی آخری رسومات میں شرکت کرنے والے مجمع کے لیے کھلے گا۔ آخری رسومات، جو کہ کئی دہائیوں میں برطانیہ کی میزبانی میں سربراہان مملکت اور شاہی خاندان کے سب سے بڑے اجتماع میں سے ایک ہو گی۔ اس میں یورپی شاہی خاندان اور عالمی رہنما شامل ہوں گے۔

عوامی تعزیت کے لیے دریائے ٹیمز کے ساتھ آٹھ کلومیٹر تک عوام کی قطاریں لگی ہوئی تھیں (فوٹو: شٹرسٹاک)

صبح 10:30- ملکہ کی میت ایبی جائے گی
ملکہ کی میت کو ویسٹ منسٹر ہال سے ایک بگھی میں رکھ کر ایبی لے جایا جائے گا، جسے رائل نیوی کے 142 اہلکار کھینچ رہے ہوں گے۔
بادشاہ چارلس سوم اور شاہی خاندان کے افراد میت کے پیچھے چلیں گے۔
صبح 10:52- جلوس ویسٹ منسٹر ایبی پہنچے گا
جلوس ویسٹ منسٹر ایبی کے ویسٹ گیٹ پر پہنچے گا، اور ملکہ کے محافظوں کے ارکان پر مشتمل ایک جماعت یہاں سے تابوت لے کر جائے گی۔
صبح 11 بجے- چرچ سروس کا آغاز
ویسٹ منسٹر کے ڈین ڈاکٹر ڈیوڈ ہوئل کی قیادت میں چرچ سروس شروع ہو گی۔ خطبہ کینٹربری کے آرچ بشپ دیں گے۔

ملکہ کی میت کو ویسٹ منسٹر ہال سے ایک بگھی میں رکھ کر ایبی لے جایا جائے گا (فوٹو: دی گارجین)

صبح 11:55- دعائیہ سروس کا اختتام
دعائیہ سروس کا اختتام ہو گا جس کے بعد دو منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔
دوپہر- ریاستی تقریبات کا اختتام
قومی ترانہ بجایا جائے گا جس کے بعد ریاستی تدفین کے انتطامات اختتام پذیر ہو جائیں گے۔ اس کے بعد میت کو سرکاری گن کیریج میں لے جایا جائے گا۔
12:15- ویلنگٹن آرچ تک میت کا جلوس
جلوس بادشاہ کی قیادت میں کئی گروپس پر مشتمل ہو گا اور ہر ایک کے ساتھ ایک سروس بینڈ ہو گا۔ ان گروپس میں نیشنل ہیلتھ سروس کے نمائندے، رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس کے ارکان اور دولت مشترکہ کی مسلح افواج کے دستے شامل ہیں۔ کنگز ٹروپ رائل ہارس آرٹلری کی طرف سے ہائیڈ پارک میں ہر منٹ میں فائرنگ کی جائے گی۔

ملکہ کی آخری رسومات میں یورپی شاہی خاندان بھی شامل ہو گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

دوپہر 1 بجے- میت ریاستی تابوت لے جانے والی گاڑی میں منتقل کی جائے گی
جلوس ویلنگٹن آرچ پہنچے گا اور میت کو ریاستی تابوت لے جانے والی گاڑی میں ونڈسر کے لیے روانہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر شاہی سلامی بھی دی جائے گی اور قومی ترانہ بجایا جائے گا۔
دوپہر 3:06- میت کی ونڈسر آمد
تابوت والی گاڑی ونڈسر پہنچیں گی اور لانگ واک سے ونڈسر کیسل تک کے جلوس میں شامل ہو گی۔ جلوس میں بادشاہ اور شاہی خاندان کے افراد بھی موجود ہوں گے۔
دوپہر 4 بجے- دعائیہ تقریب کا آغاز
سینٹ جارج چیپل میں دعائیہ تقریب کا آغاز ہو گا جس میں تقریباً 800 افراد شرکت کریں گے۔ ان میں بادشاہ، شاہی خاندان، دولت مشترکہ کے رہنما، گورنر جنرل اور ملکہ کے ماضی اور حال سے تعلق رکھنے والے سوگوار، بشمول ان کی نجی املاک سے تعلق رکھنے والا ذاتی عملہ شامل ہوں گے۔ اس کے بعد ملکہ کے تابوت کو رائل والٹ میں اتارا جائے گا۔
رات 7:30 بجے- تدفین
ایک نجی تقریب میں جس میں صرف بادشاہ اور شاہی خاندان کے افراد شامل ہوں گے، ملکہ کو ان کے شوہر ڈیوک آف ایڈنبرا اور والدین کے ہمراہ کنگ سینٹ جارج میموریل چیپل میں دفن کر دیا جائے گا۔

شیئر: