Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اتنا افسوس اپنی شکست کا نہیں ہے جتنی خوشی انڈیا کے ہارنے پر ہوئی‘

انگلینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹی20 میچ میں چھ وکٹوں سے شکست دی (فوٹو: اے ایف پی)
انگلینڈ نے پاکستان کو کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں 6 شکست دے دی۔
سات ٹی20 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں انگلینڈ کو جیت کے لیے 159 رنز کا ہدف دیا تھا جو مہمان ٹیم نے 20 ویں اوور کی دوسری گیند پر حاصل کرلیا۔
پاکستان کی ہار کے بعد ایک بار پھر سوشل میڈیا پر ٹیم کی بیٹنگ پر تنقید کی جارہی ہے۔ حیدر علی اور ٹی20 ڈیبیو کرنے والے شان مسعود بھی بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے۔
صارفین اس ہار کے لیے پاکستان کے مڈل آرڈر کو ذمہ دار ٹھہراتے رہے۔ پاکستانی بیٹرز میں سے حیدر علی نے 11، شان مسعود نے 7، محمد نواز نے 4 اور خوش دل شاہ نے 5 رنز بنائے۔
ایک بار پھر کرکٹ شائقین نے بابر اعظم کو مشورہ دیا کہ وہ اپننگ کے بجائے تیسرے نمبر پر بیٹنگ کریں اور شان مسعود کو محمد رضوان کے ساتھ اوپننگ کرنے دیں۔
کرکٹ تجزیہ کار عالیہ رشید نے شان مسعود اور حیدر علی پر ہونے والی تنقید کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’ایک میچ کی کارکردگی پر پلیئرز کا مذاق مت بنائیں۔ شان اور حیدر کو تمام سات میچز ملنے چاہییں۔‘
ایک میچ پاکستان کے شہر کراچی میں چل رہا تھا تو دوسرا موہالی میں انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جا رہا تھا۔
آسٹریلیا نے انڈیا کو یہ ٹی20 میچ چار وکٹوں سے ہرایا اور 208 رنز کا ہدف 20 اوور میں حاصل کرلیا۔
دونوں میچوں میں مماثلت یہ تھی کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ دونوں نے اپنا ہدف 20 ویں اوور کی دوسری گیند پر حاصل کیا۔
پاکستانی شائقین انڈیا کی ہار پر بھی طنزومزاح سے لطف اندوز ہوتے ہوئے نظر آئے۔
عثمان احمد نامی صارف نے لکھا کہ ’اتنا افسوس اپنی ہار کا نہیں ہے جتنی خوشی انڈیا کے ہارنے پر ہوئی ہے۔‘
انڈیا کی ہار پر خوشیاں منانے والے صارفین کو بھی سوشل میڈیا پر جواب ملتا رہا۔ رافعہ مرزا نے لکھا کہ ’اصل لیجنڈ تو وہ لوگ ہیں جو اپنی ٹیم کی ہار کو سنجیدہ لینے کے بجائے پڑوسیوں کی ہار پر ناچ رہے ہیں۔‘
محمود المعصوم نامی صارف نے پاکستان اور انڈیا کی شکست پر سنجیدہ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’دونوں ٹیموں کا اپنے گراؤنڈز میں ہار جانا ایشیائی کرکٹ کے لیے اچھی نشانی نہیں۔‘
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹی20 میچ 22 ستمبر کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہی کھیلا جائے گا۔

شیئر: