Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پہلا ٹی20: پاکستان تینوں شعبوں میں ناکام، انگلینڈ چھ وکٹوں سے کامیاب

 ایلکس ہیلز 40 گیندوں پر 53 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے (فوٹو: پی سی بی)
سات ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
159 رنز کا ہدف انگلینڈ نے 20 ویں اوور کی دوسری گیند پر حاصل کیا۔ معین علی سات اور ہیری بروک 42 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے عثمان قادر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
منگل کو کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ٹاس جیت کر انگلینڈ نے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، اور گرین شرٹس اچھے آغاز کے باوجود 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنا سکی۔ محمد رضوان 68 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ انگلینڈ کی جانب سے لیوک ووڈ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

نسیم اور دھانی مہنگے بولر ثابت ہوئے

159 رنز کے تعاقب میں انگلینڈ کی جانب سے ایلکس ہیلز اور فل سالٹ نے اننگز کا آغاز کیا۔ میچ کے تیسرے اوور میں حیدر علی کے شاندار کیچ کی بدولت شاہنواز دھانی فل سالٹ کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔
ون ڈاؤن آنے والے ڈیوڈ ملان نے ہیلز کے ساتھ سکور کو تھوڑا آگے بڑھایا۔ انہوں نے عثمان قادر کو ان کے اوور کی پہلی گیند پر چھکا لگایا لیکن اس سے اگلی ہی گیند پر قادر کی سپن کے جال میں پھنس کر کیچ پکڑا بیٹھے۔ ملان نے 20 رنز بنائے۔
میچ کے 11 ویں اوور میں عثمان قادر کی بال پر شان مسعود نے ایلکس ہیلز کا کیچ چھوڑ دیا لیکن دو بالز کے بعد عثمان نے بین ڈکٹ کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ 
تین سال بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کرنے والے ایلکس ہیلز 40 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستانی پیسرز سوائے حارث رؤف کے بالکل ناکام رہے۔ نسیم شاہ اور شاہنواز دھانی نے 7.2 اوورز میں ایک وکٹ کے بدلے مجموعی طور پر 79 رنز دیے۔ دونوں کو انگلینڈ کے بلے بازوں نے 15 چوکے لگائے۔

پاکستان کی جانب سے عثمان قادر نے دو وکٹیں حاصل کیں (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان کا مڈل آرڈر پھر ناکام

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا شاندار آغاز کیا۔ دونوں کے درمیان 85 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی جس کے بعد بابر 31 رنز بنا کر عادل رشید کی گوگلی پر بولڈ ہو گئے۔
گرین شرٹس کی پہلی وکٹ 10 ویں اوور کی تیسری گیند پر گری تھی اور اس اوور کے اختتام پر سکور 87 تھا، لیکن اس کے بعد پاکستانی مڈل آرڈر بلے باز پھر ناکام رہے اور اگلے 10 اوورز میں جہاں چھ وکٹیں گریں وہی رنز صرف 71 بنے۔
طویل عرصے بعد ٹیم میں واپسی کرنے والے حیدر علی نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکے اور سیم کرن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے صرف 11 رنز بنائے۔
محمد رضوان کی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رہا۔ انہوں نے اپنی 17 ویں نصف سینچری بنائی۔ وہ 68 رنز بنا کر معین علی کی گیند پر سٹمپ آؤٹ ہوئے۔ رضوان نے ٹی20 میں تیز رفتار دو ہزار رنز بھی مکمل کیے۔
ٹی20 میں ڈیبیو کرنے والے شان مسعود سات گیندوں پر صرف سات رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر ریورس سوئپ کھیلتے ہوئے کیچ آؤٹ ہو گئے۔

محمد نواز صرف چار رنز بنا کر لیوک ووڈ کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ 
چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی افتخار احمد تھے انہوں نے تین چھکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے اور لیوک ووڈ کا شکار بنے۔ اسی اوور میں لیوک نے نسیم شاہ کو بھی صفر پر پویلین روانہ کیا۔

’کمزور پہلوؤں پر کام کیا ہے‘

انگلینڈ کے کپتان معین علی کا ٹاس جیت کر کہنا تھا کہ ’یہ ہمارے اور پاکستان دونوں کے لیے بہت اہم سیریز ہے۔ ایلکس ہیلز کی ٹیم میں تین سال بعد واپسی ہوئی ہے جبکہ کچھ اور تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں۔‘
گرین شرٹس کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ’ہم اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔ ایشیا کپ کے بعد ہم بیٹھے ہیں اور کمزور پہلوؤں پر کام کیا ہے۔ آج شان مسعود ڈیبیو کریں گے جبکہ حیدر علی اور عثمان قادر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔‘

دونوں ٹیموں کے سکواڈ

پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان، حیدر علی، شان مسعود، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، عثمان قادر، حارث رؤف، نسیم شاہ اور شاہنواز دھانی۔
انگلینڈ: فل سالٹ، الیکس ہیلز، ڈیوڈ ملان، بین ڈکٹ، ہیری بروک، معین علی (کپتان)، سیم کرن، ڈیوڈ ویلی، عادل رشید، لیوک ووڈ اور رچرڈ گلیسن۔
انگلینڈ کی جانب سے لیوک ووڈ نے اپنا ڈیبیو کیا ہے جبکہ جوس بٹلر کے ان فٹ ہونے کی وجہ سے معین علی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم 17 سال بعد پاکستان کے دورے پر آئی ہے۔ انگلینڈ کو گذشتہ سال اکتوبر میں پاکستان آنا تھا تاہم نیوزی لینڈ کے سکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے انگلینڈ نے دورہ مختصر نوٹس پر منسوخ کر دیا تھا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلے چار میچ 20، 22، 23 اور 25 ستمبر کو کراچی جبکہ آخری تین لاہور میں 28، 30 ستمبر اور دو اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 21 ٹی20 میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے 14 میں انگلینڈ نے جبکہ چھ میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی۔

شیئر: