Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دوسرا ٹی20: رضوان اور بابر کی ریکارڈ پارٹنرشپ، پاکستان کی تاریخی فتح

بابر اعظم نے 62 گیندوں پر سینچری مکمل کی (فوٹو: اے ایف پی)
سات ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر تاریخ رقم کر دی ہے۔
گرین شرٹس نے 200 رنز کا بڑا ہدف بغیر کسی نقصان کے 20 ویں اوور کی تیسری گیند پر حاصل کر لیا۔ بابر اعظم 110 اور محمد رضوان 88 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
جمعرات کو نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اور 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔ معین علی 55 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کے علاوہ بین ڈکٹ نے 43 اور ہیری بروک نے 31 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور شاہنواز دھانی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

گرین شرٹس نے فتح کے ساتھ کئی ریکارڈ اپنے نام کیے

200 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا۔ شاید آج دونوں اپنے ناقدین کے منہ بند کروانے آئے تھے۔ پاکستانی اوپنرز نے اپنے روایتی انداز سے ہٹ کر جارحانہ انداز اپنایا اور انگلینڈ کے بولرز کی ایک نہ چلنے دی۔

محمد رضوان نے 51 گیندوں پر 88 رنز بنائے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

محمد رضوان اور بابر اعظم کے درمیان ٹی20 تاریخ میں دوسری اننگز کی سب سے بڑی شراکت داری قائم ہوئی۔ دونوں نے 117 گیندوں پر 203 رنز بنائے۔ بابر اور رضوان نے مجموعی طور پر 16 چوکے اور نو چھکے لگائے۔ 
اپنے کم سٹرائیک ریٹ کی وجہ سے تنقید کی زد میں رہنے والے بابر اعظم اور محمد رضوان کا سڑائیک ریٹ بالترتیب 166.66 اور 172.54 رہا۔
بابر اعظم نے جہاں سینچری سکور کر کے اپنی فارم بحال کی وہیں وہ سب سے زیادہ 10 انٹرنینشل سینچریاں بنانے والے پاکستانی کپتان بن گئے۔ بابر اعظم پاکستان کے واحد بلے باز ہیں جنہوں نے ٹی20 انٹرنیشنل میں دو سینچریاں سکور کی ہیں۔

انگلینڈ کی اننگز کا احوال

انگلینڈ کی جناب سے ایلکس ہیلز اور فل سالٹ نے اننگز کا اچھا آغاز کیا۔ دونوں نے پانچ اوورز میں 42 رنز بنائے۔ لیکن چھٹے اوور کی پہلی گیند پر شاہنواز دھانی نے پہلے ایلکس ہیلز اور اس سے اگلی گیند پر ڈیوڈ ملان کو بولڈ کر دیا۔ 
دو وکٹیں گرنے کے بعد بین ڈکٹ کھیلنے آئے اور فل سالٹ کے ساتھ سکور کو آگے بڑھایا۔ دونوں کے درمیان 53 رنز کی شراکت داری بنی جس کے بعد حارث رؤف نے سالٹ کو 30 رنز پر بولڈ کر دیا۔ 
اس سے اگلے اوور میں محمد نواز نے بین ڈکٹ کو بولڈ کر دیا۔ انہوں نے 22 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 43 رنز بنائے۔ 
گذشتہ میچ میں اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے ہیری بروک نے اس میچ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ان کی معین علی کے ساتھ 59 رنز کی شراکت داری بنی۔ وہ 19 گیندوں پر 31 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

معین علی 23 گیندوں پر 55 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے (فوٹو: اے ایف پی)

حارث رؤف اور شاہنواز دھانی کے سوا باقی بولرز نے ناقص بولنگ کی۔ محمد حسنین، عثمان قادر اور محمد نواز کے 12 اوورز میں مجموعی طور پر 132 رنز بنے جبکہ صرف ایک وکٹ ملی۔
بابر اعظم کی جانب سے بھی دفاعی کپتانی دیکھنے کو ملی۔ شاہنواز دھانی دو گیندوں پر دو وکٹیں حاصل کر کے انگلینڈ کو دباؤ میں لے آئے تھے لیکن کپتان نے ان سے اگلا اوور ہی نہیں کروایا اور بین ڈکٹ نے سپنرز کو خوب دھویا۔

’مڈل آرڈر کو کارکردگی دکھانے کی ضرورت ہے‘

ٹاس جیت کر انگلینڈ کے کپتان معین علی نے کہا کہ ’وکٹ پر کافی کریکس ہیں اور آج ہم تین سپنرز کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ لیام ڈوسن کو رچرڈ گلیسن کی جگہ شامل کیا گیا ہے۔‘
گرین شرٹس کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ’150 سے 160 رنز کا ہدف حاصل کرنا ممکن ہو گا۔ گذشتہ میچ میں پہلے 10 اوورز میں ہم اچھا کھیلے تھے۔ مڈل آرڈر کو کارکردگی دکھانے کی ضرورت ہے۔ آج کے میچ کے لیے نسیم شاہ کی جگہ محمد حسنین کو شامل کیا گیا ہے۔‘

دونوں ٹیموں کے سکواڈ

پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان، حیدر علی، شان مسعود، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، عثمان قادر، حارث رؤف، محمد حسنین اور شاہنواز دھانی۔
انگلینڈ: فل سالٹ، الیکس ہیلز، ڈیوڈ ملان، بین ڈکٹ، ہیری بروک، معین علی (کپتان)، سیم کرن، ڈیوڈ ویلی، عادل رشید، لیوک ووڈ اور لیام ڈوسن۔

اس سے قبل منگل کو کھیلے گئے پہلے ٹی20 میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔

شیئر: