Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہماری کتنی سیلیبریٹیز سیلاب زدہ علاقوں میں گئیں؟‘

پاکستان میں سیلاب کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 1500 سے تجاوز کرگئی ہے۔ (تصویر: ٹوئٹر)
پاکستان میں جون کے مہینے میں شروع ہونے والی طوفانی بارشوں اور ان کے بعد آنے والے سیلاب سے ملک میں 1500 سے زائد افراد ہلاک اور لاکھوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔
دنیا بھر کے ممالک پاکستان کے لیے امدادی سامان بھیج رہے ہیں بلکہ مالی معاونت بھی کررہے ہیں۔
ہالی وڈ اداکارہ انجلینا جولی بھی سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے پاکستانی پہنچیں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔
ان کے دورے کے دوران جہاں لوگ ان کی آمد پر انہیں سراہتے رہے وہیں سوشل میڈیا صارفین پاکستانی سیلیبریٹیز پر بھی برہم ہیں اور سوال کررہے ہیں کہ وہ سیلاب متاثرین کی مدد کیوں نہیں کررہے؟
پاکستانی اداکارہ نور بخاری نے انجلینا جولی کے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے ایک انسٹاگرام سٹوری میں لکھا کہ ’انجلینا جولی کو اپنے ملک میں دیکھ کر عجیب سی شرمندگی ہوئی۔‘
انہوں نے پاکستانی سیلیبریٹیز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’ہماری سیلیبریٹیز جو اپنی فلمز کو پروموٹ کرنے کے لیے ہر مال، ہر سٹریٹ پر ناچ رہے ہوتے ہیں وہ کہیں نظر نہیں آئے۔‘

ارم عظیم فاروقی نے لکھا ’انجلینا جولی (سیلاب) متاثرین کے دکھ کو اجاگر کرنے کے لیے پاکستان کا دورہ کررہی ہیں جبکہ ہماری سیلیبریٹیز ایوارڈ شو میں پرفارم کرنے کینیڈا چلے گئے۔‘
فیصل کپاڈیا نے ایک ٹویٹ میں لکھا ’انجلینا تو آگئی ہیں پاکستان لیکن ہماری اپنی کتنی سیلیبریٹیز سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں گئی ہیں؟‘
لیکن یہ کہنا بھی درست نہیں ہوگا کہ تمام پاکستانی شوبر ستارے سیلاب متاثرین کو نظرانداز کررہے ہیں۔
گلوکارہ اور اداکارہ حدیقہ کیانی بدھ کو جنوبی پنجاب کے علاقوں میں سیلاب متاثرین سے ملاقاتیں کرتی ہوئی نظر آئیں تھیں۔
انہوں نے ایک ٹویٹ میں وضاحت کی تھی کہ ’میں حال ہی میں جنوبی پنجاب (امداد کی) تقسیم کے لیے گئی تھی اور مجھ سے پوچھا گیا تھا کہ میں کس جماعت کی نمائندگی کررہی ہوں؟‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’میں واضح کرنا چاہتی ہوں کہ میں یہ سب پاکستانی ہونے کی حیثیت سے کررہی ہوں، نہ کہ سیاستدان کی حیثیت سے اور نہ ووٹوں کے لیے۔‘

شیئر: