Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کا قومی دن، ولی عہد کو وزیراعظم شہباز شریف کی مبارک باد

سعودی ولی عہد کے ساتھ وزیراعظم شہباز شریف کی ٹیلی فونک گفتگو جمعرات کو ہوئی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو وزیراعظم شہباز شریف نے مبارک باد دی ہے۔
جمعرات کو وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو ہوئی جس میں انہوں نے سعودی عرب کے 92 ویں قومی دن کے موقع پر مبارک باد دی۔
سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ’وزیراعظم نے سعودی عرب کے عوام کی مسلسل ترقی اور خوش حالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔‘
وزیراعظم نے شہزادہ محمد بن سلمان کو سیلاب کی صورت حال اور اس حوالے سے جاری امدادی سرگرمیوں اور بحالی کی کوششوں سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے شاہ سلمان ہیومینٹیرین اینڈ ایڈ ریلیف سینٹر کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان کی ترسیل کی غرض سے ایئر بریج کے قیام اور سیلاب زدگان کے لیے عام لوگوں سے عطیات وصول کرنے کے لیے ’سہیم‘ پورٹل کے آغاز پر شکریہ ادا کیا۔ 
سعودی ولی عہد نے پاکستان میں موسلادھار بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی قیمتی جانوں اور لوگوں کے ذریعہ معاش کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے سعودی عرب کی جانب سے حمایت جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی۔ 
وزیراعظم نے پاکستان کے لیے سعودی عرب کی مستقل حمایت کو سراہا اور ولی عہد کو دونوں ممالک کے درمیان جاری اقدامات کی پیش رفت سے آگاہ کیا جس میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری اور تعاون میں اضافے کے ساتھ ایک مضبوط اقتصادی شراکت داری بھی شامل ہے۔ 
دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

شیئر: