Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فواد خان کو ’باڈی ٹرانسفارمیشن‘ کیسے مہنگی پڑی؟

فواد خان آج کل اپنی آنے والی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی پروموشن کر رہے ہیں (فوٹو: انسٹاگرام، بلال لاشاری)
فلم اور ٹی وی کے پاکستانی اداکار فواد خان نے کہا ہے کہ فلمی کردار کی مناسبت سے جسم بنانے کی کوشش ان کو بہت مہنگی پڑ گئی تھی اور ہسپتال تک میں داخل ہونا پڑتا تھا۔
انڈین ایکسپریس نے فواد خان کی ایک چیٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ کسی دور میں ان پر کرسچیئن بیل اور عامر خان جیسی باڈی بنانے کا بھوت سوار ہوا تھا تاہم وہ کوشش کے باوجود ان جیسی جسامت حاصل نہ کر سکے۔
آج کل اپنی آنے والی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی پروموشن میں مصروف فواد خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’وہ اچھا نہیں تھا، جو میں نے اپنے ساتھ کیا کیونکہ اس نے مجھ پر منفی اثر ڈالا اور آئندہ کبھی ایسا نہیں کروں گا۔‘
’اے دل ہے مشکل‘ اور ’کپور اینڈ سنز‘ سمیت متعدد ہندی فلموں میں کام کرنے والے فواد خان نے جسم کو نئے انداز میں ڈھالنے کی خواہش کے منفی پہلو پر بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ اس سے ان کی صحت کو نقصان بھی ہو سکتا ہے۔
’میرے ساتھ بھی ایسا ہوا، گردوں نے کام چھوڑ دیا تھا اور دس روز ہسپتال میں داخل رہنا پڑا۔‘
انہوں نے بتایا کہ اگرچہ ہسپتال میں چند ہی روز گزارے تاہم مکمل طور پر صحت یاب ہونے میں انہیں تین ماہ کا عرصہ لگا۔

فواد خان نے کرسچیئن بیل کی طرح باڈی بنانے کی کوشش کی تھی (فوٹو: ای ڈبلیو ڈاٹ کام)

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ تب سے وہ ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہیں جس نے ان کی صحت پر بہت برا اثر ڈالا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فلم  کے لیے وزن بڑھانے سے قبل ان کا وزن 73 سے 75 کلوگرام تھا تاہم کردار کے لیے اس کو 100 کلوگرام تک بڑھانا۔
انہوں نے اپنے اقدام کو غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’میں اس پر گھنٹوں صرف کرتا رہا کیونکہ میرے پاس وقت کم تھا تاہم یہ درست طریقہ نہیں تھا۔ میں کرسچیئن بیل نہیں ہوں مگر وہی کرنے کی کوشش کی جو وہ کرتے ہیں جبکہ عامر خان کی طرح بننے کی کوشش بھی کی۔
فواد خان نے سب کو یاد دلایا کہ جسم میں اس قسم کی تبدیلیاں راتوں رات نہیں آتیں۔
’میں جسم میں ایسی تبدیلیوں کے لیے کبھی کسی حوصلہ افزائی نہیں کروں گا۔‘
اداکار آخری بار ماروِل سیریز مس ماروِل میں نظر آئے تھے۔

شیئر: